No more 'janta darbar', Kejriwal goes for course correction
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اپنے پہلے جنتادربار میں بدنظمی کے بعد آج کہاکہ ایسے مزید جلسے منعقد نہیں کئے جائیں گے اور حکومت نیا نظام شروع کرے گی جہاں عوام آن لائن، بذریعہ پوسٹ یا فون کالس کے ذریعہ اپنی شکایات درج کراسکیں گے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ بعض ایسے لوگ ہیں جو صرف چیف منسٹر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لہذا میں ہفتہ میں ایک مرتبہ دو یا تین گھنٹے عوام سے ملاقات کیلئے دستیاب رہوں گا۔ لوگوں کو شکایت درج کرانے ہمارے پاس آنے کی ضرورت نہیں۔ اس کیلئے ہم دیگر مختلف ذرائع کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے ہفتہ کو منعقدہ جنتا دربار کے بارے میں یہ بات کرتے ہوئے کہاکہ اس دن عوام کی کثیر تعداد وہاں پہنچی تھی۔ آج ہم نے ایک میٹنگ کی ہے جس میں ہم ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کے تحت لوگ آن لائن اپنی شکایت درج کراسکیں گے۔ ہم ایک کال سنٹر بھی قائم کریں گے۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ کجریوال کو ہفتہ کے دن جنتا دربار کو بیچ میں ہی چھوڑ کر چلے جانا پڑا تھا کیونکہ سینکڑوں افراد اپنی شکایت درج کرانے دھکم پیل کررہے تھے۔ کجریوال نے مزید کہاکہ جو لوگ ہمیں اپنی شکایات لکھ کر نہیں بھیج سکتے وہ کال سنٹر پر فون کرسکتے ہیں اور ان کی شکایات نوٹ کرلی جائیں گی۔ وہ بذریعہ خط بھی اپنی شکایت بھیج سکتے ہیں۔ ہم یہاں سکریٹریٹ میں ایک ڈبہ بھی رکھیں گے جس میں شکایتیں ڈالی جاسکتی ہیں۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں