خاتون مسافروں کے لیے ریلوے کا نربھیا کارڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-15

خاتون مسافروں کے لیے ریلوے کا نربھیا کارڈ

nirbhaya-cards
ٹرینوں میں تنہا خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے بڑھتے وقاعات کو روکنے کیلئے اور اس طرح کے واقعہ پر فوراً مددپہنچانے کے مقصد سے سبھی خواتین ہیلپ لائن نمبروں والا "نربھیا کارڈ" شمال وسطی ریلوے نے خاتون ریل مسافروں کیلئے جاری کیا ہے۔ کانپور سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر جی آر پی کے سرکل افسر ڈی ایس پی سریندر تیواری نے آج بتایا کہ "آپ کی ہمت لوگوں کیلئے سبق، سلوگن لکھے شمال وسطی ریلوے کے ذریعہ جاری کردہ اس نربھیا کارڈ کو ٹرینوں میں خواتین کو مفت دیا جارہا ہے۔ اس کارڈ میں ریلوے کی خاتون ہیلپ لائن کا نمبر 18001805315 اور ریاست کی خاتون ہیلپ لائن کا نمبر 1090 درج ہے۔ اس کے علاوہ جی آر پی پولیس کنٹرول روم کا نمبر، جی آر پی لکھنؤ کا کنٹرول روم نمبر اور شمال وسطی ریلوے کے تحت آنے والے سبھی 7 پولیس اسٹیشنوں کے ٹیلی فون نمبر بھی درج ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ چونکہ یہ کارڈ اے ٹی ایم یا پین کارڈ کی طرح چھوٹا ہے، اس لئے اسے خواتین اپنے پرس میں آسانی سے رکھ سکتی ہیں۔ جی آر پی کے ڈی ایس پی تیواری نے بتایاکہ ہیلپ لائن پر کسی بھی خاتون کی شکایت آنے پر اگلے اسٹیشن پر جی آر پی کی ٹیم اس کوچ میں پہنچ کرخاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑیا بدتمیزی کرنے والے کو پکڑلے گی۔ یہی نہیں اگر چلتی ٹرین میں خاتون کے ساتھ کوئی بدتمیزی ہوتی ہے تو ٹرین میں موجود جی آر پی کے پولیس اہلکاروں جانکاری دینے پر ٹرین میں خاتون کے کوچ میں فوراً پولیس پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ دہلی میں نربھیا گینگ ریپ معاملہ کے سبب اس کارڈ کا نام نربھیا کارڈ رکھا گیا ہے تاکہ سبھی خاتون مسافر اس بہادرلڑکی سے سبق لیں اور کسی بھی زیادتی کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے میں جھجھک محسوس نہ کریں۔ اس لئے کارڈ کا لوگو’ آپ کی ہمت لوگوں کیلئے سبق، رکھا گیا ہے۔

اس دوران یو این آئی کی ایک اطلاع کے بموجب اب گھنے کہر میں بھی ٹرینیں پوری رفتار سے دوڑیں گی۔ ریلوے نے کہرے میں ریل گاڑیوں کی کی آمدورفت کیلئے جدید ترین ٹکنالوجی کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ریلوئے آٹومیٹک سکنلنگ سسٹم کو ویو سسٹم پر لانے کے ساتھ ہی 3ہزار کلو میٹر سے زیادہ طویل روٹ پر آٹو میٹک ٹرین سکیورٹی سسٹم نصب کیا جائے گا۔ ریلوئے ذرائع کے مطابق آٹو میٹک سگنل سسٹم کو لہروں پر منتقل کرنے اور انجن میں ویو سگنل کو وصول کرنے کی صلاحیت سے کہر میں ریل گاڑی کو چلانے میں آسانی ہوگی۔ لوکو پائلٹ کو ویو سگنل کی مدد سے رفتار برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی لیکن سگنل میں بھی کسی طرح کی خامی کے سبب حادثہ کے خطرے کو ختم کرنے کیلئے آٹو میٹک ٹرین سکیورٹی سسٹم بھی لگایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سگنل وصول کرنے میں کسی طرح کی خامی رہ جاتی ہے اور تیز رفتاری کی وجہہ سے گاڑی لال بتی پار کرجاتی ہے تو گاڑی کو آٹو میٹک ٹرین سکیورٹی سسٹم اس سے آگاہ کردے گا اور خود کار بریک لگنے کے ساتھ ہی گاڑی رک جائے گی۔ ریلوے نے ملک میں اس سسٹم کو 3330 کلو میٹر طویل روٹ پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ سردیوں میں گھنے کہرے کی وجہ سے سینکڑوں ٹرینیں12-12 گھنٹے تاخیر سے چلتی ہیں جس کی وجہہ سے مسافروں اور ریلوے کا بھی کافی نقصان ہوتا ہے۔

'Nirbhaya' card for women train passengers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں