معروف شاعر و صحافی چندربھان خیال کو قومی اقبال سمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-17

معروف شاعر و صحافی چندربھان خیال کو قومی اقبال سمان

اردو ادب کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں مدھیہ پردیش حکومت کا دیا جانے والا ’قومی اقبال سمان، اس مرتبہ اردو کے ممتاز شاعر و صحافی چندربھان خیال کو دینے کااعلان کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش سرکار کے محکمہ ثقافت کی اطلاع کے مطابق یہ اقبال سمان بھوپال میں آئندہ 26جنوری 2014ء کو ایک پروقار تقریب کے دوران معزز و ممتاز ہستیوں کی موجودگی میں ریاست کے گورنر کے ہاتھوں دیا جائے گا جو دولاکھ روپئے نقد، توصیف نامہ، شال اور شری پھل پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھی موجود رہیں گے۔ اس سے قبل یہ سمان اردو کی کئی ممتاز ہستیوں کو دیا جاچکا ہے۔ چندر بھان خیال کا جنم 30اپریل 1946ء کو قصبہ بابئی، ہوشنگ آباد مدھیہ پردیش میں ہوا تھا۔ وہ 1966ء سے دہلی میں مقیم ہیں۔ اس دوران وہ اردو روزنامہ ’تیج، اور ’سویرا، نئی دہلی میں سب ایڈیٹر رہے۔ 1981ء سے 2006ء تک دہلی سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ "قومی آواز" سے وابستہ رہے۔ 2008ء سے 2011ء تک قومی کونسل برائے اردو زبان، حکومت ہند کے وائس چےئرمین رہے۔ دو مرتبہ دہلی اردو اکادمی کی گورننگ کونسل کے ممبر رہے اور آج کل ساہتیہ اکادمی کے ارود مشاورتی بورڈ کے کنوینر اور ایکزیکٹیو بورڈ کے ممبر ہیں۔ کئی شعری مجموعی کے خالق چندر بھان خیال کو پہلے بھی ساہتیہ اکادمی اور سیسمنگ کی جانب سے ٹیگورلٹریچر ایوارڈ بھی انہیں مل چکا ہے اور کئی ریاستی اردو اکادمیوں اور دیگر اردو تنظیموں کے ذریعہ بھی ایوارڈ دئیے جاچکے ہیں۔

National Iqbal Samman to Chandrabhan Khayal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں