مہاراشٹرا میں برقی شرحوں میں کمی کا عنقریب فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-17

مہاراشٹرا میں برقی شرحوں میں کمی کا عنقریب فیصلہ

چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے آج کہا کہ ریاستی حکومت برقی چارجس میں کمی کے سلسلے میں جلد ہی ایک اعلان کرے گی جبکہ اندرون ایک ہفتہ ٹول ٹیکس کی شرحوں پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔ حکومت نے وزیر صنعت نارائن رانے کی قیادت میں 19 نومبر کو ایک ذیلی کمیٹی قائم کی تھی جس نے حال ہی میں اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ چوہان نے بتایاکہ 20جنوری کو مزید سبسیڈی دئیے جانے پر ایک اعلان کیا جائے گا۔ چوہان یہاں شہر میں کوآپریٹیو کی ایک ایوارڈ تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت ریاست میں ٹول ٹیکس کی شرحوں پر بھی نظر ثانی کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ متعلقہ وزیر کو اس کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مہاراشٹرا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسیں جو شہری حدود کے باہر چلتی ہیں انہیں ٹول ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں ٹول ٹیکس پر احتجاج کو دیکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ساونیر کانگریس کے رکن اسمبلی سنیل کیدار سے جو ناگپور کے ڈسٹرکٹ سنٹرل کوآپریٹیو بینک کے اسکام میں اہم ملزم ہیں 154کروڑ روپئے وصول کئے گئے ہیں۔ چوہان نے بتایاکہ امداد باہمی کا محکمہ مقدمہ کا جائزہ لے رہا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ مہاراشٹرا میں برقی شرحوں میں کمی کا مطالبہ اس وقت زور پکڑلیا جب دہلی میں عام آدمی پارٹی نے برقی شرحوں میں 50فیصد کی کمی کی۔ چیف منسٹر نے بتایاکہ برقی شرحوں میں کمی کرنے پر بھی جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ 2014ء ستمبر، اکتوبر میں مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔

Maharashtra to go AAP way: cut power tariff by 15%

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں