مہاراشٹرا نونرمان سینا کارکنوں کے محصول چوکیوں پر حملے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-28

مہاراشٹرا نونرمان سینا کارکنوں کے محصول چوکیوں پر حملے

راج ٹھاکرے کی مہاراشٹرا نونرمان سینا کے کارکنوں نے آج ریاست کے مختلف حصوں میں محصول ادائیگی چوکیوں پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ مچادی۔ ان کارکنوں نے پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے کے اس ’فرمان، کی تعمیل کرتے ہوئے یہ غنڈہ گردی کی جس میں ٹھاکرنے کہاکہ محصول ادا نہ کیا جائے اور اس کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو اٹھاپھینک دیا جائے۔ حکمران کانگریس۔ این سی پی اتحاد نے اس غنڈہ گردی کی مذمت کی اور ایم این ایس کے خلاف کارروائی کا پولیس سے مطالبہ کیا۔ ٹھاکرے نے نوی ممبئی میں کل رات منعقدہ ایک تقریب میں اپنی پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت دی تھی کہ "جب تک تم سے یہ نہ کہا جائے کہ محصول کیوں وصول کیا جارہا ہے اس وقت تک محصول ادا نہ کرو اور جو کوئی اعتراض کرے اسے مزہ چکھاؤ"۔ ٹھاکرے نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں کہیں بھی چوکی محصول ادا نہ کریں اور جب تک حکومت یہ وضاحت نہ کرے کہ آخر یہ محصول کیوں وصول کیا جارہا ہے وہ اسے ادا نہ کریں بلکہ اگر کوئی ادائیگی کیلئے پوچھے تو ان پر حملہ کردیں۔ ٹھاکرے نے یہ بھی کہا کہ اگر اس کی وجہہ سے ٹریفک جام ہوتاہے تو ہونے دیں، جو بھی صورتحال ہو چوکیوں پر محصول ہرگز ادا نہ کریں۔ یاد رہے کہ محصول چوکی کا مسئلہ عدالت میں زیر التواء ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم این ایس کارکنوں نے ممبئی سے متصل ضلع تھانے میں کم ازکم نصف درجن محصول چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ ایم این ایس کے رکن اسمبلی پراوین ڈاریکر اوران کے 25حامیوں کو ایک محصول چوکی پر حملے کے وقت حراست میں لے لیا گیا۔ کلیان میں کئی چوکیوں پر ایم این ایس کارکنوں نے مقامی رکن اسمبلی پرکاش بھوئیکر کی قیادت میں حملے کئے۔

After Raj's order, MNS workers attack toll booths

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں