JD (U) will contest Lok Sabha polls alone
وزیر اعلی نتیش کمار نے آج پٹنہ میں کہا کہ جنتا دل یو تنہا انتخابی میدان میں اترے گا۔ لوک سبھا انتخاب میں اتحاد کے سلسلے میں ہماری کسی بھی پارٹی سے بات نہیں ہوئی ہے۔ ہم لوگ زیادہ سے زیادہ بایاں محاذ کے ساتھ اتحاد کرسکتے ہیں۔ آر جے ڈی ۔کانگریس کا فطری اتحاد ہے۔ ان کے درمیان اتحاد نہیں ہوتا تو حیرت ہوتی، کیونکہ دونوں بدعنوانی کو فروغ دینے والے ہیں۔ ان کا من اور دل ملتا ہے۔ یو پی اے کا ٹریک ریکارڈ عوام کے سامنے ہے۔ بد عنوانی کے سلسلے میں عوام کانگریس کے خلاف ہے۔ انا ہزارے کو ملی عوامی حمایت سے عوام کے غم و غصہ کا پتہ چلتا ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار آج راجیہ سبھا انتخاب میں جے ڈی یو امیدوار رام ناتھ ٹھاکر ، ہری ونش نارائن سنگھ اور کہکشاں پروین کے پرچہ نامزدگی کے بعد میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔ راہل گاندھی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ شخصیت نہیں پارٹی کی آئیڈیالوجی ہوتی ہے۔ بل پھاڑنے سے کچھ نہیں ہوتا ، یہ سب ایک دکھاوا ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کشن گنج کیمپس پروگرام میں مرکزی حکومت کے ذریعے ریاستی حکومت کو نہ بلائے جانے پر وزیر اعلی نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے درمیان کا معاملہ ہے۔ خیال رہے کہ آج مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو دعوت نامہ بھیج دیا ہے۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں