کولکاتا گینگ ریپ سی بی آئی تفتیش - ہائیکورٹ کی وضاحت طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-10

کولکاتا گینگ ریپ سی بی آئی تفتیش - ہائیکورٹ کی وضاحت طلبی

کلکتہ ہائی کورٹ نے آج جمعرات کے روز حکومت مغربی بنگال کو ہدایت کی کہ وہ مدھیم گرام میں 16 سالہ لڑکی کی آبرو ریزی اور پھر اس کے مبینہ قتل معاملے میں سی بی آئی انکوائری کی درخواست کے سلسلے میں سات دن کے اندر اپنی پوزیشن بتائے۔ جسٹس دیپانکردتہ نے تفتیش کو سی بی آئی کے حوالے کرنے کے سلسلے میں لڑکی کے باپ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم صادر کیا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ لڑکی کے کنبے کو خاطر خواہ سکیورٹی فراہم کی جائے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 15جنوری کو ہوگی۔ یاد رہے کہ اکتوبر ماہ میں دو دوبار آبروریزی کا شکار ہونے والی 16 سالہ لڑکی مبینہ طورپر بری طرح جلائے جانے کے بعد 31 دسمبر کو کولکاتا کے ایک اسپتال میں موت سے ہمکنار ہوگئی تھی۔ اس کے باپ نے جو ایک ٹیکسی ڈرائیور ہے اور سی پی ایم کی ٹریڈ یونین ونگ سیٹو سے وابستہ ہے، کلکتہ ہائی کورٹ میں 6 جنوری کو عرضی داخل کرکے پورے معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ سی بی آئی جانچ کے مطالبے والی اپنی درخواست میں لڑکی کے باپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاستی پولیس 26اکتوبر سے ہی اس معاملے میں سنجیدگی کے ساتھ جانچ پڑتال کرنے میں ٹال مٹول کررہی ہے۔ 26 اکتوبر کو ہی شمالی 24پرگنہ کے مدھیم گرام علاقے میں لڑکی کی اس کے گھر کے پاس اجتماعی آبرو ریزی کی گئی تھی۔ 31دسمبر کو اس کی موت کے بعد کولکاتا میں بڑے پیمانے پر احتجاجی ریالیاں نکالی گئیں۔

Kolkata rape: HC seeks govt position on CBI probe

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں