مسلمانوں کو ترقیاتی فنڈ کی فراہمی کا وعدہ - ہوڑہ مئیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-16

مسلمانوں کو ترقیاتی فنڈ کی فراہمی کا وعدہ - ہوڑہ مئیر

ہوڑہ کے مختلف علاقوں میں عید میلاد النبیؐ نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ اہم شاہراہوں پر جلوس نکلنے سے گاڑیوں کے راستے تبدیل کئے گئے۔ ائمہ اور مسلمانوں کے علاوہ سیاسی لیڈران بھی شریک ہوئے۔ مےئر راتھن چکرورتی نے کہاکہ اسوۂ رسول پر چلنے میں ہی انسانیت کی فلاح ہے۔ ہوڑہ میں دینی تعلیم کا مرکز ادارہ دارالعلوم ضیاء الاسلام ٹکیہ پاڑہ کے مدرسین اور علماکی قیادت میں ٹکیہ پاڑہ کے مسلمانوں نے عیدگاہ تک نورانی جلوس میں سفر کیا۔ عیدگاہ میدان میں ایم پی پرسون بنرجی، ریاستی وزیر اروپ رائے اور ہوڑہ کارپوریشن کے مئیر ڈاکٹر راتھن چکرورتی، کونسلر گوتم دتہ، شیخ اسلام الدین لالہ، شیخ صلاح الدین لالہ، الحاج محمد سلیم، سلیم عزیزی وغیرہ شریک ہوئے۔ شیب پور، چوئی صاحب بگان اور قاضی پاڑہ میں مساجد کے ائمہ، علماء، ادبی و سماجی شخصیتیں شریک ہوئیں۔ وارڈ31 کے کونسلر اشرف جاوید، وارڈ36 کے شمیم احمد بڑے اور دیگر لیڈران شریک تھے۔ مولانا محمد فاروق تیغی، حافظ رحمت اﷲ، مولانا نذیر القادری، مولانا سراج برکاتی، مولانا شہنشاہ عالم مصباحی، حافظ محمد اسلام شرفی وغیرہ شریک تھے۔ فیل خانہ میں مولانا شمیم الزماں قادری کی قیادت میں جلوس نکالا گیا جس میں کونسلر محمد رستم اور ہزاروں افراد تھے جبکہ دوسرا جلوس مولانا عبدالحمید حبیبی کی قیادت میں کربلا میدان سے نکلا جو مختلف شاہراؤں سے گذر کر دعائیہ جلسہ پر ختم ہوا۔ سبھی نورانی جلوس میں بچوں میں ٹافیاں، کھجوریں، ٹھنڈے مشروبات، کئی جگہوں پر غریبوں میں کھانے بھی تقسیم کئے گئے۔ شیب پور کے جلسہ میں دینی کتب بھی تقسیم کئے گئے جسے لوگوں نے کافی سراہا۔ عیدگاہ میدان میں مئیر راتھن چکرورتی نے کہاکہ حضرت محمدؐ کی پیدائش کا جشن تمام عالم کیلئے یکساں ہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل کرکے انسان فلاح پاسکتا ہے۔ ہمیں مذہب کی قید سے نکل کر سوچنا چاہئے اور ان کی تعلیم پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عیدگاہ کمیٹی اور مدرسہ ضیاء السلام کے ہر کام میں کارپوریشن اور ترنمول حکومت ساتھ ہے۔ آپ لوگ پروجیکٹ بناکر دیں ہم لوگ اس پر فنڈ فراہم کریں گے۔ بنٹرہ قبرستان کیلئے بھی فنڈ فراہم کیا جارہا ہے۔

Development Funds promised by Howrah mayor to muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں