چکمگلور فسادات متاثرین کو فوری معاوضہ کی ادائیگی کا دیوے گوڑا کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

چکمگلور فسادات متاثرین کو فوری معاوضہ کی ادائیگی کا دیوے گوڑا کا مطالبہ

چک مگلور فرقہ وارانہ فسادات کے متعلق ریاستی حکومت غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ سابق وزیر اعظم و جے ڈی ایس کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے یہ مطالبہ کیا ہے۔ جے ڈی ایس آفس میں نئی ڈائری کا اجراء کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ فرقہ وارانہ فسادات میں کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں ان تمام کو فوراً مناسب معاوضہ دیا جائے۔ ان فسادات کو مد نظر رکھتے ہوئے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ریاست میں پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کیلئے کسی بھی طرح کا تحفظ نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ سدا رامیا کے دور اقتدار میں اس طرح کے فسادات برپا ہونا قابل افسوس ہے۔ اگر پسماندہ طبقات اور اقلیتوں پر حکومت کو ہمدردی ہے تو فوراً ان کو تحفظ فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ کل انہوں نے چک مگلور کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی تو پتہ چلا کہ جان بوجھ کر مسلمانوں پر حملے کئے گئے ہیں۔ اس کی تفصیل بھی ان کے (دیوے گوڑا) کے پاس موجود ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس معاملے کے متعلق سی ای ڈی سمیت کسی بھی پولیس کے ایک شعبہ سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ریاست میں کانگریس حکومت اقتدار میں رہنے کے باوجود اقلیتوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب جب کانگریس حکومت اقتدار میں آئی ہے اس وقت فرقہ وارانہ فسادات برپا ہوئے ہیں۔ چک مگلور فرقہ وارانہ فسادات میں زخمی ہونے والوں کو معاوضہ دیا جائے اس کے علاوہ فسادات کے موقع پر مسلم لیڈروں کو پستول دکھانے والے سب انسپکٹر راکیش کو برطرف کیاجائے۔ انہوں نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں وزیر داخلہ کے جے جارج کا تعلق بھی اقلیتی طبقہ سے ہے اس کے باوجود انہوں نے چک مگلور کا دورہ کیا اور نہ زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ چک مگلور میں واقع درگاہ کا تعمیری کام عدالت کی ہدایت کے مطابق ہوا ہے اس کے باوجود سڑک کی توسیع کرنے کے بہانے اس کو منہدم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اگلے لوک سبھا انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے چند فرقہ پرست طاقتیں لوگوں کو پریشان کررہے ہیں ایسی طاقتو ں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے دیوے گوڑا نے ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی جب ایس ایم کرشنا وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز تھے اور ڈی بی چندرے گوڑا وزیر قانون تھے اس وقت انہوں نے (چندرے گوڑا) دتہ پیٹھا میں پوجا کی تھی۔ دھرم سنگھ کے دور اقتدار میں خود میں نے (دیوے گوڑا) حکومت کوانتباہ دیا تھا کہ اس وقت حالات معمول پر آئے تھے۔ اس کے بعد ایچ ڈی دیوے گوڑا وزیر اعلیٰ تھے اس وقت بی جے پی کے صدر سدانندا گوڑا کو دتہ پیٹھا جانے کا موقع نہ دیتے ہوئے ان کو گرفتارکرلیا گیا تھا۔ اس موقع پر جے ڈی ایس لیڈران عبدالعظیم، پارٹی ترجمان رمیش بابو، جنرل سکریٹری بنجارہ پالیہ منجو ناتھ اور دیگر موجود تھے۔

Deve Gowda demands probe into Chikmagalur riots

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں