کجریوال آج اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-02

کجریوال آج اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے

نو تشکیل شدہ دہلی اسمبلی کا پہلا اجلاس آج نئے ماحول میں شروع ہوا۔ چیف منسٹر اروند کجریوال، ان کی کابینہ کے اراکین، بی جے پی اور کانگریس کے اراکین سمیت 68 ارکان اسمبلی نے حلف لیا۔ اس مرتبہ حکمراں بنچوں پر عام آدمی پارٹی کے اراکین بیٹھے ہیں۔ ان کے بعد حکومت کو باہر سے حمایت دینے والی کانگریس پارٹی کے اراکین کے بیٹھنے کا نظم کیا گیا ہے۔ بی جے پی سابقہ تین مرتبہ کی طرح اس بار بھی اپوزیشن بینچوں پر بیٹھی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سنگم وہار سے نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی دنیش موہنیا اور کانگریس کے جے کشن حلف برداری کے وقت موجود نہیں تھے۔ دہلی اسمبلی میں مجموعی طورپر 70 نشستیں ہیں۔ نومنتخب ممبران اسمبلی کو حلف دلانے کیلئے لیفٹنٹ گورنر نجیب جنگ نے سلیم پور حلقہ سے گذشتہ پانچ معیادوں سے منتخب ہونے والے کانگریس کے متین احمد کو پروٹیم اسپیکر مقرر کیا تھا۔ احمد کو راج نواس میں پروٹیم اسپیکر کا حلف دلایا گیاتھا۔ ایوان میں آنے پر احمد نے نومنتخب اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ اس کے بعد اسمبلی کی کارروائی شروع ہونے پر چیف منسٹر موجود نہیں تھے۔ وندے ماترم ختم ہونے کے بعد کجریوال کابینہ کے سینئر ساتھی منیش سیسودیا کے ساتھ ایوان میں پہنچے۔ دونوں ہی عام لباس میں آئے تھے۔ کابینہ کے تمام اراکین نے ہندی میں حلف لیا۔ بی جے پی کے نندکشورگرگ اور نریش گوڑ نے سنسکرت میں جب کہ جنتادل یو کے شعیب اقبال، کانگریس کے ہارون یوسف اور آصف محمد خان نے اردو میں حلف لیا۔ بی جے پی کے آر پی سنگھ نے پنجابی میں حلف لیا۔ کانگریس کے اروند سنگھ لولی واحد رکن اسمبلی تھے جنہوں نے انگریزی میں حلف لیا وزیر ٹرانسپورٹ سوربھ بھردواج کو چھوڑ کرچیف منسٹر سمیت تمام وزراء عام آدمی کی روایتی ٹوپی پہن کر آئے تھے۔ کابینہ کو حلف دلانے کے بعد اراکین کو اسمبلی حلقہ کے نمبر کے لحاظ سے حلف دلایاگیا۔ حلف برداری کے بعد کجریوال کو بی جے پی کے لیڈر ہرش وردھن کے ساتھ مصافحہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ دہلی کی نئی اسمبلی کا پہلا اجلاس 7 جنوری تک چلے گا۔ کل ایوان میں کجریوال کی قیادت والی حکومت کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔ 3جنوری کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ رپورٹوں کے مطابق لیفٹنٹ گورنر نجیب جنگ 6 جنوری کو ایوان سے خطاب کریں گے۔ 7 جنوری کو گورنر کے خطبہ پر بحث ہوگی۔ اسی دوران عام آدمی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام سے تعلق رکھنے والے امور پر حکومت کی حمایت کریں۔ اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے پہلے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اور ونود کمار بینی نے بی جے پی اور کانگریس سے یہ اپیل کی۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے بینی نے کہاکہ عوام سے تعلق رکھنے والی بہت سی اسکیمات ہیں جو ابھی نافذ نہیں ہوئی۔ ہم نے کانگریس اور بی جے پی دونوں سے اپیل کی کہ وہ ہماری مدد کریں تاکہ ہم لوگ عوام سے تعلق رکھنے والے وعدے نبھاسکیں۔

Arvind Kejriwal`s AAP govt faces vote of confidence in Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں