راہل گاندھی کو وزارت عظمیٰ امیدوار بنانے کا امکان نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-16

راہل گاندھی کو وزارت عظمیٰ امیدوار بنانے کا امکان نہیں

اگرچہ راہول گاندھی نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ وہ پارٹی کی جانب سے انہیں دی جانے والی کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن قیاس آرائیوں کے برخلاف اس بات کا امکان نہیں ہے کہ انہیں وزیراعظم کے عہدہ کیلئے کانگریس کا امیدوار بنایا جاء یگا۔ کانگریس قائدنے حکومت میں کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے ماضی میں پس و پیش کیا تھا لیکن اپریل مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل انہوں نے کل کہا تھا کہ وہ پارٹی کے سپاہی ہیں اور انہیں دی جانے والی کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ جس سے ان قیاس آرائیوں میں تقویت پیدا ہوئی تھی کہ وہ وزیراعظم کے عہدہ کیلئے نریندر مودی کے مقابل سامنے آئیں گے۔ تاہم کانگریس میں سوچ ہے کہ انہیں وزیراعظم کے عہدہ کا امیدوار قرار دینا جوکھم بھرا ہوسکتا ہے کیونکہ پارٹی کو انتخابات میں اہم چیلنج کا سامنا ہے اور اگر انہیں ذمہ داری دی گئی تو انتخابات میں کانگریس کے خراب مظاہرہ کی صورت میں ان پر ذمہ داری عائد ہوگی۔ جمعہ کو اے آئی سی سی سیشن سے پہلے پارٹی قیادت مختلف آپشنس مثلاً راہول گاندھی کو انتخابی مہم کا انچارج بنانے یا انہیں پارٹی کا کارگذار صدر مقرر کرنے کے بارے میں غور کررہی ہے لیکن راہول گاندھی کو وزارت عظمی امیدوار بنانے کی باتیں بھی ہورہی ہیں۔ جو افراد وزیراعظم کے عہدہ کیلئے راہول گاندھی کو امیدوار بنانے کے حق میں نہیں ہیں وہ یہ دلیل پیش کررہے ہیں کہ کانگریس کے پاس انتخابات سے پہلے وزیراعظم کے عہدہ کیلئے امیدوار بنانے کی کوئی روایت نہیں ہے۔ 2009ء میں استثنائی صورتحال تھی جب پارٹی صدر سونیا گاندھی نے ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کی ایک دستاویز جاری کی تھی جس میں انہیں اور وزیراعظم منموہن سنگھ کو نمایاں کیا گیا تھا اور ان کی تصویر کو ماند کیا گیا تھا تاکہ یہ کہا جاسکے کہ منموہن سنگھ امیدوار ہوں گے۔ پارٹی قیادت روایت پر انحصار کرسکتی ہے اور انتخابی مہم کی ذمہ داری یا ورکنگ پریسیڈنٹ کی ذمہ داری دے سکتی ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے گذشتہ ہفتہ کہا تھا کہ انتخابات سے قبل وزارت عظمی امیدوار کا اعلان کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس دوران راہول گاندھی نے جمعرات کو ورکنگ کمیٹی اجلاس سے پہلے کانگریس کور گروپ میٹنگ میں شرکت کی۔ یہ میٹنگ دوگھنٹے جاری رہی۔ پارٹی ترجمان سندیپ ڈکشت نے وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے امیدوار کے بارے میں کہاکہ راہول تین سرکردہ قائدین میں شامل ہیں۔ وہ انتخابی مہم چلانے والے اصل قائد ہیں جن کی قیادت پارٹی کو مستحکم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اے آئی سی سی کیا فیصلہ کرے گی اس بارے میں کوئی پیش قیاسی نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ اے آئی سی سی ایک بڑا ادارہ ہے۔ آپ پیش قیاسی نہیں کرسکتے کہ اے آئی سی سی کیا کرے گی۔ سینئر قائدین کے خیالات سے پارٹی کو مناسب فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں امکان ہے کہ ایک قرارداد کو منظوری دی جائے گی جسے اے آئی سی سی اجلاس میں پیش کیا جائے گا جو ایک ایسے وقت ہورہا ہے جبکہ لوک سبھا انتخابات محض چار ماہ دور ہیں۔

Congress may not name Rahul Gandhi as candidate for PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں