آندھرا پردیش کی راجیہ سبھا نشستوں کے لیے پرچہ نامزدگی داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-29

آندھرا پردیش کی راجیہ سبھا نشستوں کے لیے پرچہ نامزدگی داخل

ریاست کی 6راجیہ سبھا نشستوں کیلئے 2باغی کانگریس قائدین کے بشمول 8 امیدواروں نے آج اپنے پرچہ نامزدگی داخل کردئیے۔ کانگریس پارٹی سے ٹی سبی رامی ریڈی، کے وی پی رامچندر راؤ اور ایم اے خان نے، جب کہ تلگودیشم پارٹی سے جی موہن راؤ اور سیتاراما لکشمی نے اپنے پرچہ جات نامزدگی مقننہ سکریٹری ایس راجہ سدا رام کے حوالے کردئیے۔ کانگریس امیدواروں کے ہمراہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، صدر پردیش کانگریس بوتسہ ستیہ نارائنا اور چند وزراء بھی موجود تھے۔ کانگریس پارٹی چھوڑ کر ٹی آرایس میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق رکن پارلیمنٹ کے کیشو راؤ نے ٹی آرایس امیدوار کی حیثیت سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ دوسال میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات7فروری کو مقررہیں۔ کانگریس رکن کونسل کے وی ستیہ نارائنا راجو عرف چیتنا راجو اور پارٹی رکن اسمبلی اے پربھاکر ریڈی نے بھی متحدہ آندھراپردیش کے نام پر پارٹی کے باغی امیدواروں کی حیثیت سے اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ دو ریاستی وزراء گھنٹا سرینواس راؤ اور ای پرتاپ ریڈی نے بتایا جاتا ہے کہ چیتنا راجو کی امیدواری کی تائید کی۔ ریاستی وزیر ای پرتاب ریڈی نے بتایاکہ راجو نے مجھ سے کہاکہ وہ پارٹی کی امیدواری کا تحفظ کرے گا، اس لئے میں نے اس کی تائید میں پرچہ نامزدگی پر دستخط کردئیے۔ سینئر رکن اسمبلی جے سی دیواکر ریڈی، جو گذشتہ چند دن سے یہ کہہ رہے تے کہ وہ راجیہ سبھا انتخابات کی دوڑ میں شامل ہیں، آج خود بخود مقابلہ سے باہر ہوگئے۔ کانگریس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جے سی دیواکر ریڈی یہ چاہتے تھے کہ متحدہ آندھرا کے ووٹ تقسیم نہ ہونے پائیں۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس بوتسا ستیہ نارائنا نے بتایاکہ پارٹی کے باغی امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ارکان مقننہ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ باغی امیدواروں کی تائید کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔

Congress, TDP, TRS candidates file papers for Rajya Sabha elections, Two Congress rebels among eight Rajya Sabha candidates

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں