Azharuddin not to contest LS poll from Moradabad
کانگریس کے رکن پارلیمان اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے آج کہاکہ وہ مرادآباد سے لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گے بلکہ پارٹی کی ہدایت پر لوک سبھا حلقوں میں انتخابی مہم کی کمان سنبھالیں گے۔ اظہر الدین نے ضلع کے پرتھوی پور میں آل انڈیا امر سنگھ راٹھور والی بال ٹورنمنٹ کے فائنل میچ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہونے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر پارٹی انہیں کہیں اور اسے انتخابات لڑنے کیلئے کہے گی تو وہ اس کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کسانوں اور مزدوروں کی کافی تعداد ہے اور ان کے پاس زراعت کے علاوہ کوئی متبادل روزگار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی گیہوں اور دھان کی فصل کی جو کم ازکم امدادی قیمت مل رہی ہے وہ کافی نہیں ہے، اس میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وہ گیہوں اور دھان کی فصلوں کی کم ازکم امدادی قیمت میں چار سو روپئے کے اضافے کیلئے وزیراعظم منموہن سنگھ اور کانگریس صدر سونیا گاندھی سے درخواست کریں گے۔ محمد اظہرالدین نے کہاکہ ملک میں کھیلوں پر جتنی توجہ دی جانی چاہئے، ریاستی حکومتیں اتنی توجہ نہیں دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے کھیلوں سے متعلق اکیڈیمی قائم کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں