خواتین کے خلاف مظالم پر سکوت ناقابل برداشت - شاذیہ علمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-22

خواتین کے خلاف مظالم پر سکوت ناقابل برداشت - شاذیہ علمی

چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی دھرنے کی تائید کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی لیڈر شاذیہ علمی نے آج کہاکہ دہلی میں پیش آنے والے جرائم کے واقعات پر ان کی پارٹی سابقہ حکومت شیلا ڈکشت کی طرح خاموش تماشائی نہیں بن سکتی۔ دہلی میں آج خواتین کیلئے زندگی اجیرن بن گئی ہے، جرائم یں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ سابقہ حکومت ان جرائم پر بے حس ہوگئی تھی۔ لیکن عام آدمی پارٹی کی حکومت ایسا نہیں کرے گی۔ ضروری نہیں ہے کہ کجریوال بھی شیلا دکشت کے نقش قدم پر چلیں اور جرائم پر خاموشی اختیار کرلیں۔ اسی خاموشی کا نتیجہ تھا کہ دہلی میں نربھئے اجتماعی عصمت ریزی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجہ میں سارا ہندوستان دہل گیا تھا۔ جرائم کو اگر روکنا ہوتو پولیس کا احتساب بہت ضروری ہے۔ جئے پور میں ادبی فیسٹول کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے شاذیہ علمی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ارویند کجریوال جرائم کے خلاف جو ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں ان کا اقدام حق بجانب ہے، انہیں عوام کی حمایت حاصل ہے۔ جمہوریت میں ہر ایک شہری کو بشمول چیف منسٹر احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے۔ شاذیہ نے سوال کیا کہ کجریوال کے اس اقدامپر اتنا شور شرابہ اور اتنی ہنگامہ آرائی کیوں کی جارہی ہے؟ جرائم کو روکنے کیلئے دہلی کے عوام موجودہ حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کی خواہشات کی تکمیل حکومت کا فریضہ ہے۔ عوام چاہتی ہے کہ کجریوال حکومت مؤثر انداز میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، بدعنوانیاں اور جرائم کی روک تھام کرے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں