تلنگانہ بل پر مباحث کیلئے مزید 7 دن کی توسیع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-24

تلنگانہ بل پر مباحث کیلئے مزید 7 دن کی توسیع

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ریاستی اسمبلی کوتلنگانہ مسودہ بل پرمباحث کے لیے مزید7دن کی مہلت دی ہے۔قبل ازیں مسودہ بل پرمباحث مکمل کرکے اسے واپس مرکزکو روانہ کرنے کے لیے23جنوری تک کاوقت دیاگیاتھا۔اس مہلت میں30جنوری تک کااضافہ کیاگیاہے۔حکومت آندھراپردیش کی درخواست پرصدرجمہوریہ نے یہ فیصلہ کیا،حالانکہ ریاستی حکومت نے23جنوری کے بعدمزید4ہفتوں کی توسیع کی درخواست کی تھی۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ آندھراپردیش کی تنظیم جدیدبل کو30جنوری تک واپس کردیاجاناچاہیے تھا۔بتایاگیاہے کہ ریاستی اسمبلی سے کہاگیاہے کہ مسودہ بل ،ارکان کے نظریات یاان کے بغیر30جنوری تک واپس بھیج دیاجائے۔ماہرین کاخیال ہے کہ اسمبلی خواہ کچھ بھی کرے،پارلیمنٹ،نئی ریاست کی تشکیل کے لیے قاعدہ کے مطابق کارروائی میں بیشترفت کرسکتی ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ ریاستی حکومت نے صدرجمہوریہ کوواقف کرایاتھاکہ اسمبلی میں مسودہ بل پرصرف چنددن تک ہی مباحث ممکن ہوسکے اورکئی ارکان نے تاحال اپنے خیالات کااظہارنہیں کیاہے،اس لیے مہلت میں مزید4ہفتوں کی توسیع کی جائے۔صدرجمہوریہ نے12دسمبرکومسودہ بل ریاستی مقننہ کو روانہ کرتے ہوئے اس پرمباحث کے بعداسے23جنوری تک واپس بھیج دینے کی ہدایت دی تھی۔ماضی میں اس طرح کی مثالیں موجودہیں کہ ریاستوں کی تنظیم جدیدکے بلوں کے مسودہ پرمباحث کے لیے دی گئی مہلت میں توسیع کی گئی ہو،چھتیں گڑھ کی تشکیل کے سلسلہ میں جومسودہ بل بھیجاگیاتھا،مدھیہ پردیش اسمبلی میں مباحث کے لیے مقرروقت کے بعدبھی کچھ دن کی توسیع کی گئی تھی۔یوپی اے حکومت5فروری سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے احیاء کے بعدلوک سبھامیں تلنگانہ بل پیش کرنے کامنصوبہ رکھتی ہے۔مرکزی کابینہ نے10اضلاع پرمشتمل علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے لیے5دسمبرکومنظوری دے دی تھی۔اس کے بعدملک کی29ویں ریاست کے قیام کے لیے بلوپرنٹ کی تیاری آغازکردیاگیا۔اسی دوران اسپیکراسمبلی این منوہر نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے بھیجے گئے پیام کوایوان میں بڑھ کرسنایا۔انہوں نے بتایاکہ صدرجمہوریہ نے مباحث کے لیے30جنوری تک کی مزید مہلت دہی ہے ،تاکہ آندھراپردیش کی تنظیم جدیدبل2013کے مسودہ پربحث مکمل کی جاسکے۔سکریٹری مقننہ ایس راجاسدارام نے ایوان میں ایک قراردادپیش کرتے ہوئے کہاکہ اسمبلی کوتلنگانہ بل پرمباحث آج یعنی23جنوری تک مکمل لینے چاہئیں تھے،تاہم ریاستی حکومت کی درخواست پرصدرجمہوریہ نے ارکان مقننہ کے نظریات حاصل کرنے کے لیے میعادمیں مزیدایک ہفتہ کی توسیع کی ہے۔اسپیکرنے سہ پہر4بجے یہ کہتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی کہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعدکارروائی دوبارہ شروع ہوگی۔بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بحث کے لیے دی گئی مزیدایک ہفتہ کی مہلت کاایجنڈاطے کیاجائے گا۔بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعدڈپٹی اسپیکرملوبٹی وکرامارکانے کارروائی دن بھرکے لئے ملتوی کرنے کااعلان کردیا۔اجلاس کل صبح9بجے دوبارہ منعقدہوگا۔

President gives 7 days to AP assembly to discuss Telangana Bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں