پرانے شہر کی خبریں - old city news 12 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-12

پرانے شہر کی خبریں - old city news 12 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-12

اعتماد نیوز
حیدرآباد کی تاریخی عمارت "چارمینار" کے تحفظ اور تزئین نو کا کام محکمہ آثار قدیمہ (آرکیالوجی) کی طرف سے جاری ہے۔ یہ کام چنئی کی کمپنی کو دیا گیا ہے۔ جناب احمد پاشا قادری رکن اسمبلی چارمینار نے بروز چہارشنبہ چارمینار پر جاری کام کا معائنہ کیا اور بالائی حصہ پر موجود قطب شاہی مسجد کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ عنقریب کام مکمل ہو جائے گا۔
عوام اور سیاحوں کو برسوں قبل چارمینار کے اوپر جانے کی اجازت تھی تاہم اب داخلہ بند ہے۔ جبکہ ایک عرصہ سے تاریخی قطب شاہی مسجد کے مشاہدہ کی اجازت کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے تاہم محکمہ آثار قدیمہ نے ابھی تک اس کی اجازت نہیں دی ہے۔ جناب احمد پاشا قادری نے کہا کہ ڈائرکٹر محکمہ آرکیالوجی سے اس ضمن میں نمائندگی کی جائے گی۔

پریس نوٹ
سپریم کورٹ نے آج ایک اہم فیصلہ میں ہم جنسی کے عمل کو جرم قرار دیا ہے اور دہلی ہائیکورٹ کے اس فیصلہ کو رد کر دیا ہے جس میں قانون تعزیرات ہند کی دفعہ 377 سے ہم جنسی کے عمل کو خارج کرنے اور ہم جنسی کو جرم نہ قرار دینے کی بات کہی گئی تھی۔
جناب عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت اور اسسٹنٹ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف تمام مذاہب کی تعلیمات کے عین مطابق ہے بلکہ خود امریکہ اور یورپ میں جو نیا تحقیقاتی کام سامنے آ رہا ہے اس سے ہم آہنگ ہے۔ مغرب میں ایک نقطہ نظر یہ تھا کہ ہم جنسی کا رجحان انسان کے جنین میں ہوتا ہے اور اسلیے یہ فطری ہے اور اسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا لیکن یہ بات غلط ثابت ہوئی کیونکہ جن اشخاص کے دماغ کے طبی تجزیہ پر یہ نظریہ قائم کیا گیا تھا وہ سب کے سب ایڈز کے مریض تھے اور کسی سائنسداں نے آج تک یہ ثابت نہیں کیا کہ ہم جنسی کا رجحان دماغ کے کس حصہ میں ہے یا یہ جنین کے کس جز میں پایا جاتا ہے؟ اب تو یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ آتشک Syphillis کا مرض ہم جنسی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے اور بڑھتا جا رہا ہے۔ ایڈز جیسے جان لیوا مرض کی ابتدا بھی ہم جنسی کے فعل سے ہوئی۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے سب سے پہلے دہلی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی اور یہ بات باعث اطمینان و مسرت ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر سپریم کورٹ نے قانون تعزیرات ہند میں فعل ہم جنسی کے جرم ہونے کی حیثیت کو برقرار رکھا ہے۔
عبدالرحیم قریشی نے مزید بتایا کہ بورڈ کی اپیل کے بعد وی ایچ پی رہنما آنجہانی وی پی سنگھل اور دیگر ہندو توا جماعتوں نے ان سے اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا تھا اور پھر ان سب نے بھی مسلم پرسنل لا بورڈ ہی کی طرح اپیلیں فائل کی تھیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں