پرانے شہر کی خبریں - old city news 10 dec 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-10

پرانے شہر کی خبریں - old city news 10 dec 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-dec-10

منصف نیوز بیورو
hyderabad-book-fair-huda-book-distributor-stall
نیشنل بک ٹرسٹ (دہلی) کی جانب سے سالانہ حیدرآباد بک فئر کا آغاز 7/ دسمبر کو این۔ٹی۔آر اسٹڈیم ، لوور ٹینک بینڈ پر ہوا ہے۔ نمائش میں داخلہ مفت ہے اور اوقات کار صبح 11 تا رات 8 ہیں۔ بک فئر میں مختلف ناشرین کی جانب سے تقریباً 300 اسٹال لگائے گئے ہیں۔
بروز پیر 9/دسمبر کو بک فئر میں ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرز کے اسٹال کا افتتاح عابد رسول خان چیرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن آندھرا پردیش نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کتابیں پڑھنے کا ذوق ختم ہوتا جا رہا ہے لیکن حیدرآباد بک فئر میں آنے کے بعد ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے کتابوں کے مطالعہ کے ذوق و شوق میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے بلکہ اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔
جناب عابد رسول خان نے ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرز کو اسلامی اور اردو کتابوں کے لیے ایک لینڈ مارک سے تعبیر کیا جس نے ایک نئی بنیاد کے ساتھ نہ صرف اردو کو زندہ رکھا ہے بلکہ پڑھنے والوں کے ذوق میں اضافہ کرتے ہوئے مثبت فکر اور اقدار پر مبنی کتابوں کی نشر و اشاعت کے علاوہ پڑھنے والوں تک آسان رسائی کا ذریعہ بنایا ہے۔
ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرز کے اسٹال کے افتتاح کے موقع پر شرکت کرنے والے شہر کے معززین میں ڈاکٹر مجید خان ، ڈاکٹر عابد معز ، عبدالباسط انور ڈائرکٹر تلگو اسلامک پبلیکیشنز ، م۔ق۔سلیم ، ولی تنویر ، منیر الدین مجاہد ، غوث خواہ مخواہ ، عبدالحمید ، غوث بھائی کوہ نور بک ڈپو ، خواجہ علی بابر ، محمد اکبر حسین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند چارمینار ، محمد صدیق کے علاوہ محبان اردو اور شائقین کتب کی کثیر تعداد شامل تھی۔

سیاست نیوز
nehru-zoo-new-lion-leopard
محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے بموجب شہزادہ بندر بن سعود بن محمد آل سعود نے COP-II کے دوران یہ اعلان کیا تھا کہ وہ نہرو زوالوجیکل پارک کو افریقی ببر اور افریقی چیتے کے جوڑوں کا تحفہ پیش کریں گے۔ آج موصولہ اطلاعات کے مطابق جدہ ، سعودی عرب سے ان جانوروں کے شہر پہنچ جانے کے بعد انہیں زو میں عوام کے مشاہدے کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔
ببر اور چیتے کے ان جوڑوں کی آمد کے ساتھ ہی زو پارک میں موجود ببر و چیتوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زو پارک کے عہدیدار مسٹر رمیش نے بتایا کہ 16 ببر زو پارک میں پہلے سے موجود ہیں جو تمام کے تمام ایشیائی نسل کے ہیں جنہیں عرف عام میں گجراتی ببر کہا جاتا ہے۔ اب پہلی بار افریقی ببر کا جوڑا بھی زو میں شامل ہوا ہے۔ اسی طرح زو پارک میں اب تک صرف 4 چیتے موجود تھے جن میں یوروپی ، ایشیائی اور افریقی چیتے شامل تھے اور اب مزید دو افریقی چیتوں کے اضافے سے تعداد 6 ہو چکی ہے۔ عہدیداروں کے بموجب سعودی پرنس کی جانب سے عطیہ کردہ ان جانوروں کی عمریں تقریباً ڈیڑھ سال ہیں۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں