فاروق شیخ کے انتقال پر فلمی دنیا میں رنج و غم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-29

فاروق شیخ کے انتقال پر فلمی دنیا میں رنج و غم

معروف اداکار فاروق شیخ کے اچانک انتقال پر امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور دیپتی ناول سمیت فلمی دنیا کی کئی ہستیوں نے آج گہرے رنج کا اظہار کیا۔ فاروق شیخ کا دبئی میں دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال ہوگیا ہے جہاں وہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ فاورق شیخ کی اچھی دوست اور ان کے ساتھ "چشم بدور، کسی سے نہ کہنا،کتھا، اور " لسن امایا" میں کام کرنے والی اداکارہ دیپتی نول نے کہاکہ "میں صدمے میں ہوں.... میں ٹوٹ گئی ہوں۔ میں ابھی بات نہیں کرسکتی۔ میں ہماچل پردیش میں ہوں اور فوراً ممبئی کیلئے روانہ ہورہی ہیں"۔ شیخ کی آخری فلم "کلب60، میں ان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ ساریکا نے کہاکہ "یہ بہت افسوسناک خبر ہے۔ جب ہم تقریباً 10 دن پہلے ملے تھے تو ان کی صحت اچھی دکھائی دے رہی تھی۔ ہم نے ہنسی مذاق کیا اور باتیں کی تھیں۔ وہ بہترین اداکار اور اچھے انسان تھے۔ وہ حقیقت میں ایک مہذب آدمی تھے۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے ٹوئٹ کیا کہ ’ ہے بھگوان، فاروق شیخ نہیں رہے۔ ایک سچے مذہب آدمی، ایک بہترین فن کار اور ایک ایماندار انسان کا انتقال ہوگیا۔ انتہائی دکھ کی بات ہے"۔ معروف گلوکارہ لتا منگیشکر نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا کہ "مجھے دکھ ہورہا ہے کہ فاروق شیخ نہیں رہے۔ وہ ایک اچھے اداکار ہی انہیں بلکہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ میں نے برطانیہ میں ان کا ناٹک "تمہاری امرتا" دیکھنے کے بعد ان سے ملاقات کی تھی اور انہیں بتایا تھا میں ان کی ایک بڑی مداح ہوں۔ ایشوران کی روح کو سکون بخشے۔ فاروق شیخ کے ساتھ "مایا میم صاحب" میں کام کرنے والے شاہ رخ خان نے ٹوئٹ کیا کہ ’ فاروق صاحب.... اﷲ آپ کی روح کو سکون دے۔ آپ بہت یاد آئیں گے۔ مجھے سب سے بڑا دکھ اس بات کا ہے کہ مجھے آپ کے ساتھ خاطر خواہ وقت گذارنے کاموقع نہیں ملا"۔ شیخ کی اچھی دوست اور معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہاکہ "فاروق میرے قریبی دوست رہے۔ ہم کالج کے دنوں سے دوست ہیں۔ میں نے اور انہوں نے 40سال قبل اسٹیج کا ایک گروپ شروع کیا تھا۔ طویل مدت سے ان کے ساتھ ہوں، اس لئے ان کے انتقال پر کچھ کہنا مشکل ہے۔، جاوید اختر نے کہاکہ شیخ توانائی اور زندگی سے بھرپور انسان تھے۔ اداکار اوم پوری نے کہاکہ ’ان کا اچانک انتقال بہت تکلیف دہ واقعہ ہے۔ میری نیک خواہشات ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وہ بہترین اداکار تھے۔ شیکھر کپور نے ٹوئٹ کیا کہ "ایشور فاروق شیخ کی روح کو سکون نصیب کرے۔ ہم آخری بار جب ملے تھے تو ہم نے سیاست کی بات کی تھی۔ کاش، ہم نے فلموں اور اداکاری کی بات کی ہوتی جو ہمیں سب سے زیادہ پسند تھا،۔ آشا بھونسلے نے لکھاکہ "بہت تکلیف دہ دن ہے۔ ہم نے بہت اچھے انسان کو کھودیا۔" کرن جوہر نے کہاکہ "بھگوان فاروق شیخ کی روح کو سکون دے... آپ کی فطری اور شاندار اداکاری ہمیشہ زندہ رہے گی"۔ بومن ایرانی نے لکھا کہ "فاروق شیخ نہیں رہے۔ میں سکتے میں ہوں۔ ان کے ساتھ آج شوٹنگ کرنی تھی۔ ایک بہترین انسان چلا گیا۔، فلم ساز مہیش بھٹ نے لکھا کہ "الوداع فاروق بھائی، آپ کی مسکان کی گرماہٹ ہمیشہ ہماری یادوں میں زندہ رہے گی۔، انوپم کھیر نے ٹوئٹ کیا کہ "آپ کئی لوگوں کے بارے میں چاہتے ہیں کہ وہ اس دنیا سے کبھی نہ جائیں۔ فاروق بھائی ان میں سے ایک تھے۔ وہ نرم دل، مہذب، رحم دل اور حقیقت پسند انسان تھے۔ ان کاانتقال بہت دکھ کی بات ہے۔

grief at the death of farooq sheikh in film industry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں