مودی کا تبصرہ انتخابات سے پہلے شبیہ کو بہتر بنانے کی کوشش - امبیکا سونی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-29

مودی کا تبصرہ انتخابات سے پہلے شبیہ کو بہتر بنانے کی کوشش - امبیکا سونی

کانگریس نے 2002کے گجرات فسادات پر دردو کرب کے اظہار کے لیے نریندر مودی کی جانب سے اس وقت کا انتخاب کرنے پر آج سوال اٹھایا اور الزام عائد کیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپنی شبیہ میں تبدیلی لانے ایسا کر رہے ہیں ۔پارٹی جنرل سکیریٹری امبیکانی سونی نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ صرف اپنی شبیہہ کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے ۔ میں کوئی الزام یا بہتان تراشی کرنا نہیں چاہتی لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ عوامی زندگی میں 10،12سال طویل عرصہ ہوتا ہے ۔ ایسے کئی موقع آئے جب ایسا کرنے کے لیے ان پر دباؤ تھا لیکن انھوں نے پہلے ایسا کبھی نہیں کیا ۔ لوک سبھا انتخابات سے پہلے وہ اچانک ایسا کیوں کر رہے ہیں ۔آخر اتنے سال بعد وہ کیوں اتنے جذباتی ہوگئے ہیں کہ یہ سب کچھ کہنے کے لیے لغت میں موجود کوئی باقی نہیں چھوڑ رہے ہیں ۔ ان سے دریافت کیجیے کہ انھوں نے پہلے کبھی درد وکرب کا اظہار نہیں کیا ۔ یہ انتخابات سے پہلے ایک حکمت عملی کا حصہ ہے ۔امبیکا سونی ، انڈین نیشنل کانگریس کے 128ویں یوم تاسیس کے موقع پر اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے پارٹی پر چم لہرائے جانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں ۔ مودی نے ایک ہزار الفاظ پر مشتمل اپنے بلاگ پر کل 2002کے فسادات کے بارے میں طویل ترین تبصرہ کیا تھا ۔ انھوں نے کہا تھا کہ ایسی غیر انسانی حرکتوں کا مشاہدہ کرنے کے بعد انھیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ اندر سے کھوکھلے ہوگئے ہوں ۔ احمد آباد کی گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی میں فسادات کے دوران 68افراد کے قتل عام کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کی تقرر کردہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں انھیں دی گئی کلین چٹ کو مجسٹریٹ کی عدالت کی جانب سے برقرار رکھے جانے کے ایک دن مودی نے کہا کہ وہ اس فیصلہ کو اپنی شخصی جیت یا شکست کے طور پر نہیں دیکھتے ۔ امبیکانی سونی نے ملک میں مخالف کانگریس لہر کی دلیلوں کو کوئی اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ ہمیں اقتدار سے بے دخل کرتے ہیں تو ہم جانتے ہیں کہ ہمیں اس بات کا محاسبہ کرنا ہوگا کہ عوام نے ایسا کیوں کیا ۔ انھوں نے کہاکہ جب بھی کانگریس کمزور ہوتی ہے ،فرقہ پرست طاقتوں کا احیاء ہوتا ہے اور جب کبھی ایسی طاقتیں سراٹھاتی ہیں ،ہم انھیں کچلنے وہاں موجود ہوتے ہیں ۔ ہم نے کئی سبق سیکھے ہیں ،کانگریس جدوجہد کے بعد وجود میں آئی ہے ۔

Modi's remarks over 2002 riots an image makeover strategy: Ambika Soni

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں