لوک پال بل کی تائید کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے راہل گاندھی کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-15

لوک پال بل کی تائید کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے راہل گاندھی کی اپیل

نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے لوک پال بل کو آگے بڑھانے کی ایک زور دار کوشش کرتے ہوئے آج تمام سیاسی جماعتوں سے اس مسودہ قانون کی تائید کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ یہ مسودہ، رشوت ستانی کے خلاف لڑائی میں "بہت ہی موثر دستاویز" ہے۔ یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں ایک خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ حکومت، نئی دہلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے ہاتھوں اپنی شکست اور انار ہزارے کے جاریہ برت کے سبب مذکورہ بل کو آگے بڑھارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوک پال بل پر راجیہ سبھا میں آئندہ پیر کو بحث مقرر ہے۔ "ہمارا کام، اس ملک کو ایک موثر لوک پال بل دینا ہے۔ ہم اس تعلق سے 99 فیصد موجود ہیں اور سیاسی جماعتوں سے ہمیں ایک فیصد کی ضرورت ہے۔ اس طرح ہم اس لوک پال بل کی، حقیقی معنی میں تکمیل کرتے ہوئے اس کو ملک میں پیش کرسکتے ہیں"۔ بل کے تعلق سے سماج وادی پارٹی کے موقف کا اشارتاً حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "تمام جماعتیں مل کر اس بل کی تکمیل؍تائید کریں۔ میں تمام جماعتوں سے اس بل کی تائید کیلئے اپیل کرتا ہوں۔ یہ قومی مفاد میں ہے۔ خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے وقت راہول گاندھی کے ایک طرف وزیر قانون کپل سبل اور دوسری جانب وزیر فینانس پی چدمبرم و نیز منسٹر آف اسٹیٹ پرسونل وی نارائن سوامی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ (بل) رشوت ستانی سے نمٹنے کیلئے وسیع ڈھانچہ کا ایک حصہ ہے اور حق حصول اطلاعات، اس کا واحد "انتہائی موثر ہتھیار" ہے۔ بارہا یہ پوچھے جانے پر کہ آیا اس بل سے حکومت کی اچانک دلچسپی، دہلی کے حالیہ انتخابات میں اس کی شکست اور انا ہزارے کے برت کے سبب ہے؟ راہول گاندھی نے جواب دیا کہ "یہ سوال، فتح یا شکست کا نہیں ہے۔ اس بل سے ہندوستان کو مدد ملے گی۔ یہ بحث کہ ہم یہ قدم، انتخابات کے نتیجہ کے طورپر اٹھارہے ہیں، قدرے نامناسب ہے"۔ نائب صدر کانگریس نے زور دے کر کہا کہ یوپی اے حکومت اس بل کو منظور کروانے "جدوجہد" کرتی آرہی ہے لیکن پارلیمنٹ میں خلل اندازی کے سبب ایسا نہیں کرسکی۔ اس سوال پر کہ آیا انا ہزارے حکومت کی کوششوں کے قائل ہوں گے؟ انہوں نے کہا کہ "ہمارا مقصد ایک انسداد رشوت ستانی انفراسٹر کچر لانا ہے۔ ہم یہ کام کرتے رہیں گے۔ ہزارے، برت پر ہیں۔ یہ ان کا اپنا تناظر ہے۔

Rahul Gandhi urges all parties to pass Lokpal bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں