نئی پارلیمنٹ کی یکم جون سے قبل تشکیل - چیف الکشن کمشنر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-15

نئی پارلیمنٹ کی یکم جون سے قبل تشکیل - چیف الکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر وی ایس سمپت نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا آئندہ سال مختلف مراحل میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ سمپت نے جو ایک امریکی تھنک ٹینک بروکنگس انسٹیٹیوٹ کی ایک تقریب میں شرکت کیلئے یہاں آئے ہوئے ہیں، کہاکہ عام انتخابات 5،6 یا 7مراحل میں منعقد کئے جاسکتے ہیں۔ یہ تقریب امریکی انڈیا بزنس کونسل اور کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔ سمپت نے مزید بتایاکہ الیکشن کمیشن نے 2014ء کے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں جن میں ایک اندازے کے مطابق 780 ملین افراد زائد از8لاکھ پولنگ بوتھس پر 1.18 ملین الکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کرتے ہوئے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ انتخابی شیڈول کے بارے میں کوئی تفصیلات بتائے بغیر سمپت نے اشارہ دیا کہ انتخابی عمل وسط مارچ میں شروع ہوسکتا ہے اور کہاکہ 16ویں عام انتخابات میں 543 ارکان کو منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے کل کہا کہ ہندوستان میں انتخابات میں کبھی تاخیر نہیں ہوئی۔ سخت آزمائشی حالات میں بھی انتخابات وقت پر منعقد ہوئے۔ تیاریاں جاری ہیں۔ سمپت نے بتایاکہ موجودہ لوک سبھا کی معیاد 31 مئی کو ختم ہوجائے گی لہذا آئندہ لوک سبھا یکم جون سے پہلے قائم کی جانی ہوگی۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس تاریخ سے قبل انتخابات کا انعقاد عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی مراحل کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پہلی انتخابی تاریخ سے 3 ہفتے قبل انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور انتخابات کے بارے میں 3ہفتے قبل اعلان کیا جائے گا، اس طرح پہلے مرحلہ کے انتخاب سے 6 ہفتے قبل الیکشن کمیشن انتخابات کے بارے میں اعلان کرے گا۔ انہوں نے بتایاکہ مثالی ضابطہ اخلاق اعلان کے دن ہی نافذ ہوجائے گا۔ انتخابی فہرستو ں پر نظر ثانی جاری ہے اور اندرون ایک ماہ نئی انتخابی فہرستیں شائع کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن نئے ناموں کے اندراج اور غلط ناموں کو حذف کرنے کا سلسلہ انتخاب ختم ہونے تک جاری رہے گا۔

New Parliament to be constituted before June 1: Chief election commissioner

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں