امریکہ میں خاتون ہندوستانی ڈپلومیٹ کی گرفتاری اور ضمانت پر رہائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-14

امریکہ میں خاتون ہندوستانی ڈپلومیٹ کی گرفتاری اور ضمانت پر رہائی

Ms. Khobragade
ہندوستان کو سفارتی سطح پر ایک بڑا دھکا اس وقت لگا جب نیویارک میں ہندوستان کی ڈپٹی قونصل دیویانی کھوبر گاڈ کو نفاذ قانون کے حکام نے ویزا فریب الزامات کے تحت گرفتار کرلیا۔ تاہم بعد میں جب عدالت میں کھوبر گاڈے نے اپنے بے قصور ہونے کا ادعا کیا تو انہیں ڈھائی لاکھ ڈالر کے بانڈ پر رہا کردیا گیا۔ کھوبر گاڈے (39سالہ) کو کل صبح لگ بھگ 9 بجے اس وقت تحویل میں لیا گیا جب وہ اپنی بیٹی کو اسکول پر چھوڑ رہی تھیں۔ اس سے قبل نیویارک، سدرن ڈسٹرکٹ کی امریکی اٹارنی، ہندوستانی نژاد پریت رانے کھوبر گاڈے کے خلاف ویزا فریب کے الزامات صادر کئے اور الزام لگایا کہ کھوبر گاڈے نے ایک ہندوستانی شہری کی ویزا درخواست کے سلسلہ میں جھوٹے بیانات دئیے تھے۔ اس ہندوستانی شہری کو نیویارک میں کھوبر گاڈے کے مکان پر،بچوں کے نگراں اور ہاؤس کیپر کی حیثیت سے ملازم رکھا گیا تھا۔ کھوبر گاڈے، یہاں ہندستانی قونصل خانہ میں ڈپٹی قونصل جنرل کے عہدہ پر فائز ہیں۔ ان کی گرفتاری کے وقت وہ کارگذار قونصل جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔ ان پر ویزا فریب جھوٹے بیان دینے کے الزامات ہیں جن کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا بالترتیب 10سال اور 5سال کی قید ہوسکتی ہے۔ اسی دوران واشنگٹن میں سفارت خانہ ہند نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ "اس سفارت خانہ نے کھوبر گاڈے کے خلاف کئے گئے اقدام پر حکومت امریکہ سے فوری طورپر، پرزور احتجاج کیاہے۔ امریکہ پر زوردیا گیا ہے کہ وہ مناسب حساسیت کے ساتھ اس مسئلہ کو حل کرے اور متعلقہ عہدیدار کے سفارتی موقف کو ملحوظ رکھے"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ کھوبر گاڈے 2 کم عمر بچیوں کی ماں ہیں اور چیوننگ اسکالر ہیں۔ انہیں تحویل میں لیا جاکر کل شام امریکی مجسٹریٹ جج ڈیبرا فریمین کے اجلاس پر پیش کیاگیا۔ فاضل جج نے کھوبر گاڈے کو ان کے حقوق سے واقف کرایا اور ان کے خلاف الزامات پڑھ کر سنائے۔ اس سماعت کے دوران کھوبر گاڈے نے کچھ بھی نہیں کہا۔ سوائے اس کے کہ انہوں نے ضمانت پر رہائی کی شرائط پر اتفاق کیا۔ آئندہ تاریخ سماعت 13 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ کھوبر گاڈے نے گذشتہ سال ہی یہاں ہنوستانی قونصل خانہ سے وابستگی اختیار کی تھی۔ ماضی میں وہ جرمنی، اٹلی اور پاکستان میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ ان کی گرفتاری سے یہاں ہندوستانی سفارتی عہدیداروں میں صدمہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بعض عہدیداروں نے کہاکہ ماضی میں کسی سفارت کار کو گرفتار کرنے کی ایسی نظر نہیں ملتی۔ کھوبر گاڈے کے وکیل نے جج سے کہاکہ ان کی موکلہ پر مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا کیونکہ وہ بحیثیت ایک عہدیدار قونصل خانہ، مراعات کی حامل ہیں۔ سماعت کے دوران ہندوستانی قونصل خانہ کے2 عہدیدار بھی عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے بعد عدالت سے باہر نکلتے ہوئے کھوبر گاڈے جو مسکرارہی تھیں، اپنے 2رفقاء سے گلے ملیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ وہ اخبار نویسوں سے بات چیت نہیں کرسکتیں کیونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوراں ہے۔ ان کے ساتھ ان کے اٹارنی ڈانیل ارشک اور قونصل خانہ کے ان کے رفقاء بھی موجود تھے۔ سفارت خانہ ہند کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کھوبر گاڈے کے خلاف اقدام غالباً اس عہدیدار کی سابق گھریلو اسسٹنٹ (ہندوستان میں موجود) سنگیتا رچرڈ کے پیش کردہ الزامات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ سنگیتا، گذشتہ جون سے فرار ہے۔ اس سلسلہ میں دہلی ہائی کورٹ نے گذشتہ دسمبر میں ایک عبوری حکم امتناع جاری کیا تھا اور سنگیتا کو اس کی شرائط ملازمت پر ہندوستان کے باہر کھوبر گاڈے کے خلاف کوئی کارروائی شروع کرنے سے روک دیا تھا۔

Maid in USA: Arrested Indian diplomat in NYC freed on bail, New Delhi outraged about treatment

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں