جسٹس گنگولی کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-08

جسٹس گنگولی کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا

بی جے پی ، جسٹس اے کے گنگولی کا مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھائے گی جنہیں سپریم کورٹ کے پینل نے جنسی ہراسانی کا خاطی پایا ہے اور جو ہنوز مغربی بنگال کے انسانی حقوق کمیشن کے صدرنشین کے عہدے پر فائز ہیں ۔لوک سبھا قائد اپوزیشن سشماسوراج نے آج ٹوئٹر پر کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والا انسانی حقوق کمیشن کے چیر مین کے عہدے پر بر قرار نہیں رہ سکتا۔ ہم یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے ۔ قبل ازیں انھوں نے کہا تھا کہ گنگولی کو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔ سابق سپریم کورٹ جج گنگولی کو قانون کی گریجویٹ خاتون کی جنسی ہراسانی کا خاطی پایاگیا ہے ۔راجیہ سبھا میں سشماسوراج کے ہم منصب ارون جیٹلی نے کہا کہ سپریم کورٹ کو گنگولی کے خلاف تحقیقات کی نگرانی کرنی چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ عدالت 2Gاسپکٹرم اسکام جیسے کیسس کی پہلے سے نگرانی کررہی ہے ۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ گنگولی کو مستعفی ہوجاناچاہیے ۔ کولکتہ کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے دہلی کے پولیس کمشنر بی ایس بسی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس اشوک کمار گنگولی کے خلاف مبینہ جنسی ہراسانی کیس میں مقدمہ درج کیا جائے ۔ بھارت بچاؤ سنگٹھن نے اپنے ایک مکتوب میں کہا کہ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس خاتون پر دباؤ ڈالا جاسکتاہے یا انھیں مجبور کیاجاسکتا ہے اور ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جاسکتی ہے ۔ غیر سرکاری تنظیم نے دہلی کے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کو بھی ایک خط لکھا ہے ۔ لی میر یڈین ہوٹل اسی پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ہے جہاں 24دسمبر 2012 کو مبینہ طور پر واقعہ پیش آیا تھا ۔ یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ پولیس کو منصفانہ تحقیقات کے لیے اقدامات کرنا چاہیے ، مکتوب میں کہا گیا کہ پولیس کو تمام ثبوتوں بشمول ہوٹل کے سی سی ٹیوی فوٹیج حاصل کرلیناچاہیے ۔ این جی او کے صدرونیتْ رویانے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یوم انسانی حقوق کے موقع پر 10دسمبر کو ایک ریالی نکالی گائے گی اور گنگولی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جائے گا جو مغربی بنگال انسانی حقوق کمیشن کے چیرمین ہیں ۔قبل ازیں اس این جی او نے یہاں ہری اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کو بھی ایک مکتوب روانہ کیا تھا ۔

BJP says it will raise Justice Ganguly issue in Parliament

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں