سینگور سے ایک بار پھر اٹھ سکتی ہے تحریک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-31

سینگور سے ایک بار پھر اٹھ سکتی ہے تحریک

ممتابنرجی کی ترنمول کانگریس کے اقتدار میں آنے کی سب سے بڑی وجہ سینگور تحریک بتائی جاتی ہے۔بایاں محاذ کے دوراقتدار میں سینگور کے کسانوں کی زرعی زمین زبردستی تحویل میں لیکرصنعتی ترقی کی بات کی گئی تھی،ممتابنرجی نے کسانوں کی زرعی زمین کے تحفظ اور واپسی کے نام پر پورے مغربی بنگال میں سی پی ایم کے خلاف ایسی تحریک چلائی کہ ساڑھے تین دہایوں سے چلی آرہی برسراقتدار بایاں محاذ حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔آج اسی سینگور میں ممتابنرجی حکومت کے خلاف وہاں کے دیہی عوام تحریک چلائیں گے۔ٹاٹاموٹرس کے لئے تحویل میں لی گئی زمین کے ایک حصے پرویسٹ بنگال الیکٹری سٹی ڈیولپمنٹ بورڈ کے ایک سب اسٹیشن کی تعمیر کو لیکرگاؤں والوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔سب اسٹیشن تیارکرنے کے لئے2لاکھ20ہزار وولٹ کے ہائی ٹینشن بجلی کے تارگاؤں والوں کے گھروں کے اوپر سے لے جایاجارہاہے۔اس کی مخالفت کرنے کے لئے سینگور میں دیہی تحفظ کمیٹی تشکیل کی گئی ہے۔گاؤں والوں کا الزام ہے کہ اگر ان کے گھروں کے اوپر سے ہائی وولٹیج بجلی کے تارگزریں گے تو انہیں نقصان پہنچے گا۔نوکمیٹی سکریٹری اور ایس یو سی آئی لیڈرامتیابھ باگ کا کہنا ہے کہ بایاں محاذ کے دور حکومت میں سینگور کی زمین تحویل میں لی گئی تھی اس وقت بجلی کا سب اسٹیشن تعمیر کرنے کا فیصلہ لیا گیاتھا جس کا ترنمول نے مخالفت کی تھی اور آج وہی ترنمول کانگریس اس کے حق میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نصیب پور،گوپال نگر سمیت کئی گاؤں سے تارلے جایاجائے گا۔گاؤں والوں کا الزام ہے کہ تارکے گزرنے سے تقریبا50گھراس کے زد میں آئیں گے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق ہائی ٹینشن تار کے600فٹ کے دائرے میں رہنے والے لوگوں کو تابکاری کا خطرہ لاحق رہتاہے۔اس کی تابکاری سے کئی طرح کی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔اس کی وجہ سے پانچ سوگھروں کے افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔اس لئے گاؤں والے چاہتے ہیں کہ اس منصوبہ کو فورا بندکیاجائے۔اس درمیان گاؤں والوں نے مقامی ایم ایل اے اور ڈی ایم کو اس کے متعلق ایک عرضداشت سونپی ہے۔ادھرسینگور کی اراضی تحریک کے دوران تشکیل شدہ کاشتکارزمین تحفظ کمیٹی کے اہم اور محکمہ زرعی کے ریاستی وزیربیچارام مناکا کہنا ہے کہ گاؤں کی ترقی کے لئے سب اسٹیشن کی تعمیر ضروری ہے دوسری جانب اس تحریک میں نرمداتحفظ تحریک کی سربراہ میدھاپاٹیکربھی اس تحریک میں شامل ہوں گی۔ان کا کہنا ہے کہ پہلے زمین کے لئے لڑائی تھی اور اب زندگی کے لئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں