قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، اردو کی ہمہ جہت ترقی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے مقصد سے اردو زبان و ادب کی اہم ترین کتابیں شائع کرتی رہی ہے۔ اب تک کونسل ایک ہزار سے زائد مختلف موضوعات پر کتابیں شائع کر چکی ہے بالخصوص سالِ رواں میں جتنی کتابیں شائع ہوئی ہیں وہ اپنی نظیر آپ ہیں۔ جن میں زبان وادب کے کلاسیکی سرمایے سے لے کر عہد حاضر کے ادبی موضوعات شامل ہیں۔ کونسل کی ان تمام اشاعتی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔ اس مشن کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کونسل کے زیر اہتمام ادب پینل کی میٹنگ کا انعقاد’ فروغ اردو بھون‘ میں کیا گیا، جس میں تقریباً سو سے زائد مسودات و کتابوں پر غورو خوض کیا گیا۔ اردو ادب پینل میٹنگ کی صدارت کونسل کے وائس چیئرمین جناب پروفیسر وسیم بریلوی نے کی ۔
پینل کے تمام اراکین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے کہا کہ کونسل ملک کے مصنفین ادیبوں و شاعروں کی معیاری کتابوں کو اپنے اشاعتی ایجنڈے میں شامل کر کے شائع کرتی رہی ہے اور مالی تعاون بھی دیتی ہے تاکہ اردو کتابوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران اب تک ادب پینل کے تحت تیرہ نئی اہم ترین کتابیں کونسل سے شائع ہوکر منظر عام پر آچکی ہیں جن میں کلیات میر، کلیات مصحفی، کلیات جوش، کلیات سجاد ظہیر، کلیات عبد الماجد دریابادی کے علاوہ کئی اہم ترین تصانیف شامل ہیں۔ ممبران نے اس بات پر بھی کونسل کی توجہ مبذول کرائی کہ نصابی کتابوں کی بہت کمی ہے اس لیے کونسل نصابی کتابوں کو شائع کرے۔ اس سلسلے میں جلد ہی ایک میٹنگ بلائی جائے گی تاکہ ایک جامع فہرست تیار کی جا سکے اور اشاعتی کام شروع کیا جا سکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حالیہ بین الاقوامی کانفرنس کے دوران عالمی سطح پر اردو کتابوں کے تبادلے پر زور دیا گیا تھا جس کے پیش نظر ’مجلس ترقی ادب‘ پاکستان نے کئی اہم مطبوعات کے تعلق سے کونسل سے رجوع کیا ہے۔ پینل اراکین نے اس قدم کی ستائش کی۔ پروفیسر ابو الکلام قاسمی سمیت متعدد اراکین نے کہا کہ کونسل ’مجلس ترقی ادب‘ پاکستان سے شائع معیاری اور اہم ترین کتابوں کو اپنے اشاعتی ایجنڈے میں شامل کرے اور اس سلسلے میں مزید پیش قدمی کرے تاکہ اردو طلبہ و قارئین زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔
قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین نے مزید کہا کہ کونسل اپنے اشاعتی پروگراموں میں مزید شفافیت لائے گی ۔
میٹنگ میں نادر و نایاب ریڈیائی اردو پروگراموں کو بھی اشاعتی ایجنڈے میں شامل کرنے پر غورو خوض کیا گیا۔
میٹنگ میں پروفیسر انور پاشا، پروفیسر فاروق بخشی، پروفیسر ابن کنول، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر آفاق احمد، پروفیسر ارتضیٰ کریم، پروفیسر شہپر رسول، ڈاکٹر اسلم جمشید پوری، پروفیسر سید مسعود سراج، ڈاکٹر محبوب اقبال، ڈاکٹر مشتاق احمد نے شرکت کی اور زبان و ادب سے متعلق زیر غور کتابوں و مسودات پر اپنی آرا پیش کیں۔
علاوہ ازیں کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی، ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ، ریسرچ اسسٹنٹ محمد انصر، ڈاکٹر قاسم انصاری سمیت کئی لوگوں نے شرکت کی۔
(رابطہ عامہ سیل)
The publication of urdu literature poetry books is the priority of NCPUL
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں