کالی کٹ مرکز میں دورۃ القرآن اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-07

کالی کٹ مرکز میں دورۃ القرآن اجلاس

Daoratul Quran kerala
قرآن مقدس پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے - شیخ ابوبکر
کالی کٹ مرکز میں دورۃ القرآن اجلاس کے موقع پر اجتماعی قرآن خوانی ،ریاست بھر سے علماء مشائخ وسادات سمیت ہزراوں فرزندان توحید کی شرکت

خداوندقدوس کی تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت قرآن مجیدہے۔قرآن اپنے پیروکاروں کو جنت میں لیکر جائیگا۔جسکی عمل پیروی سے انسان کبھی بھی راہ راست سے گمراہ نہیں ہوسکتا ہے ۔ قرآن کی تلاوت سے دلوں کو روحانی سکون حاصل ہوتا ہے ،آنکھوں کو نور بخشتی ہے ،مصائب وآلام ،رنج وغم اور پریشانیوں کو دور کرتی ہے ۔مذکورہ خیالات کا اظہار جامعہ مرکز میں منعقد ماہانہ حلقہ ذکر ،بردہ مجلس ،دورۃ القرآن اجلاس سے اپنے خصوصی خطاب میں آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء کے جنرل سکریٹری شیخ ابوبکر نے کیا ۔انہوں نے کہاکہ انسان نفسانی خواہشات کا پیروکار بنتا جارہاہے ،دنیاوی ہوس میں اسقدر مبتلاء ہے کہ اسے چند لمحہ قرآن مقدس کے تلاوت کی فرصت نہیں ،قرآن مجید روحانی تسکین کا مظہر ہے دنیاوآخرت میں سرخروئی کا ضامن ہے ۔شیخ ابوبکر نے تلاوت قرآن کی رغبت دلاتے ہوئے کہاکہ تلاوت قرآن سے رحمت خداوندی سایہ فگن ہوتی ہے ۔قرآن مجید کی تلاوت آقاء علیہ السلام کی وراثت ہے جو آپنے مسلمانوں کیلئے چھوڑا ہے ۔یہی تلاوت قبر میں میت کو عذاب سے نجات دلائے گی ۔شیخ نے کہاکہ آج ہر انسان دنیاوی جاہ ومرتبت کی خاطر پریشان حال نظر آتا ہے ،اسے کہیں بھی سکون نہیں ملتا،مسلمان صرف مخصوص ایام رمضان ،جمعہ میں تلاوت کا اہتمام کرتا ہے جبکہ ضرورت ہے قرآن کو مسلسل اہتمام کیساتھ پڑھاجائے ۔تاکہ دنیاوآخرت میں سرخروئی حاصل ہو۔اس موقع پر ڈاکٹر حسین ثقافی نے اپنی رقت انگیز خطاب میں کہاکہ ہر نبی ورسل کو معجزہ عطا فرمایا گیا۔لیکن خاتم الانیباء حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والا قرآن ایسا مقدس معجزہ ہے جو ساری دنیاء کیلئے رشدوہدایت کا مظہر ہے ۔یہ معجزہ تاقیامت باقی رہیگا۔انہوں نے کہاکہ امت محمدیہ کیلئے خاص تحفہ ہے ۔ریاست کے معروف عالم دین مولانا پیروڈ عبدالرحمن ثقافی نے سیرت مصطفے وتعظیم آثار نبویہ پر جامع خطاب فرمایا۔پروگرام میں قابل ذکر شخصیت اسماء سید علی بافقیہ (مرکز پرسیڈنٹ) سید زین العابدین ، جنرل منیجر مولانا سی محمد فیضی ،ڈاکٹر حسین ثقافی ،پروفیسر اے کے عبدالحمید،کے کے احمد کٹی مسلیار ،وی پی ایم فیضی ہیں۔اس موقع پر نیاز ماسٹر کو حالیہ اسٹیٹ ٹیچرس ایوارڈ ونر پر تنظیم احیاء السنۃ نے اعزازی ٹرافی پیش کی ۔
خبر کے مطابق پروگرام بعد نماز مغرب مجلس بردہ شریف سے شروع ہو۔جسکااختتام قبل مغرب ہوا۔بعدہ ہزاروں فرزندان توحید کیساتھ اجتماعی تلاوت کی گئی ، جو نہایت ہی پُرکیف وروحانی منظر تھا۔ایک سروے کے مطابق جنوبی ہند کا سب سے بڑا تلاوت اجلاس ہے جس میں بیک وقت ہزاروں عوام وخواص ایک ساتھ تلاوت کرتے ہیں ۔عشاء بعد سادات کیرالہ سمیت علماء مشائخ نے اپنے منفرد انداز میں حلقہ ذکرکیا۔آخر میں عالمی امن وامان ،مسلمانوں کی عزت وعظمت کی خصوصی دعاء کی گئی ۔دعاء کا یہ روحانی منظر فلک شگاف صدائے آمین سے گونج اُٹھا ۔ آخر میں صلوۃ وسلام پر مجلس کا اختتام ہوا۔

Daoratul Quran meet in Calicut, Kerala

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں