پرانے شہر کی خبریں - old city news 8 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-08

پرانے شہر کی خبریں - old city news 8 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-08

سیاست نیوز
کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سومیش کمار نے کہا کہ یوم عاشورہ کے لیے شروع کردہ کام توقعات کے عین مطابق نہیں ہیں اور جنگی خطوط پر کاموں میں سرعت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ کمشنر نے عوامی نمائندوں اور جی۔ایچ۔ایم۔سی کے سینئر عہدیداروں کے ہمراہ محرم جلوس کی گذرگاہوں عزا خانہ زہرہ عاشور خانہ ، کتب خانہ جعفریہ ، عاشور خانہ دارالشفا ، بی بی کا الاوہ اور مختلف گلیوں کا مشاہدہ کیا۔ کمشنر نے کہا کہ محرم کے کاموں میں عارضی روشنی اور صفائی کے انتظامات کو اولیت دی گئی ہے۔ انہوں نے زونل کمشنر ساؤتھ کو ہدایت دی کہ ترجیحی اساس پر ملبہ کی نکاسی پر توجہ مرکوز کی جائے چونکہ یہ علاقے میں بدنما نظر آ رہے ہیں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنروں کو واضح ہدایات دیں کہ صفائی عملہ کی تفصیلات مع عملہ کی حاضری کے تختہ جات پیش کیے جائیں۔ انہوں نے محرم جلوس کے راستے پر صد فیصد جاروب کشی ، کوڑا کرکٹ اور ملبہ کی نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی اور یہ تمام کام جمعہ 8/ نومبر تک مکمل کر لینے پر زور دیا۔ کمشنر نے عہدیداروں کو بتایا کہ وہ 8/ نومبر کی شب دوبارہ دورہ کریں گے اور کاموں میں بہتری نہ آنے کی صورت میں متعلقہ عہدیداروں کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
کمشنر نے چارمینار علاقے کا معائنہ کرتے ہوئے انجینئر انچیف اور ایڈیشنل کمشنر پلاننگ سے تبادلہ خیال کیا اور "چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ" کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے پراجکٹ کی ساری پٹی کا مشاہدہ کیا اور خیال ظاہر کیا کہ اس پراجکٹ کو بہت عرصہ قبل مکمل ہو جانا چاہیے تھا جبکہ یہ ہنوز زیر التوا ہے۔
کمشنر نے گلزار ہاؤز کے فوارہ کا بھی مشاہدہ کیا جو عرصہ دراز سے ناکارہ پڑا ہوا ہے۔ انہوں نے زونل کمشنر اور ایگزیکٹیو انجینئر کو فوارہ کو خوبصورت بنانے کی تجاویز تیار کرنے کی ہدایات دیں چونکہ اس اہم مقام کو دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں