پرانے شہر کی خبریں - old city news 20 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-20

پرانے شہر کی خبریں - old city news 20 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-20

madina-circle-footover-bridge
سیاست نیوز
22/ دسمبر 2005 کو حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 47 کروڑ روپے کی لاگت سے 8 فٹ اوور بریجس تعمیر کیے جائیں گے اور ہر فٹ اوور برج کی تعمیر پر 50 تا 73 لاکھ روپے کے مصارف آئیں گے۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ مدینہ بلڈنگ کے قریب 53.5 لاکھ روپے کی لاگت سے فٹ اوور برج تعمیر کیا جائے گا۔
رسول پورہ ، بیگم پیٹ ، خیریت آباد ، امیر پیٹ ، سینٹ اینس اسکول سکندرآباد اور دلسکھ نگر میں نہ صرف فٹ اوور بریجس تعمیر کر دئے گئے بلکہ وہ مکمل طور پر کام بھی کر رہے ہیں۔ جبکہ پرانا شہر کو اس معاملے میں حکومت نے نظرانداز کر دیا حالانکہ پرانا شہر میں دن بہ دن ٹریفک میں بےتحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔ بہادر پورہ اور زو پارک کے قریب بھی فٹ اوور برج کی تعمیر کا اعلان ہوا تھا مگر وہاں بھی اب تک برج کا کوئی نام و نشان نظر نہیں آتا جبکہ ہر روز زائد از تین ہزار لوگ حیدرآباد زو کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ فٹ اوور برج کی تعمیر سے زو کو آنے والے اور دیگر پیدل راہرؤں کو بڑی سہولت حاصل ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ پرانا شہر میں شاہ علی بنڈہ ، چندرائن گٹہ ، مدھانی بس ڈپو ، ریاست نگر ، سنتوش نگر پر بھی فٹ اوور بریجس کی شدید ضرورت ہے۔ اگر ان مقامات پر بریجس تعمیر کیے جائیں تو اس سے نہ صرف ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے میں مدد ملے گی بلکہ ٹریفک حادثات میں بھی کمی آئے گی۔
مدینہ سرکل کے بعض تاجرین اور عوام نے بتایا کہ تاجرین سے مشورہ کے بعد ہی فٹ اوور بریج کی تعمیر ہونا چاہیے کیونکہ 2005 میں اس مقام پر فٹ اوور بریج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اب ان 8 برسوں کے دوران ٹریفک میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر خواتین کو سڑک عبور کرنے میں بڑی مشکلات پیش آتی ہیں۔ اگر بلدیہ اس جانب توجہ دے تو ٹریفک کا ایک بڑا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ دوسرے یہ کہ بلدیہ کے لیے یہ فٹ اوور بریجس آمدنی کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔ مختلف اداروں کی تشہیر کے لیے بلدیہ کو اچھی خاصی آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں