حیدرآباد مرکزی زیر انتظام علاقہ نہیں بنے گا - جئے پال ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-10

حیدرآباد مرکزی زیر انتظام علاقہ نہیں بنے گا - جئے پال ریڈی

مرکزی وزیر سائنس و ٹکنالوجی ڈاکٹر ایس جئے پال ریڈی نے آج پر زور انداز میں کہا ہے کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد حیدرآباد، مرکزی زیر انتظام علاقہ نہیں بنے گا جبکہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین کا بھی کہنا ہے کہ وہ اس شہر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ ورنگل میں کانگریس کی طرف سے منعقدہ جلسہ اظہار تشکر کو مخاطب کرتے ہوئے جئے پال ریڈی نے کہا کہ سیما۔ آندھرا کی چند طاقیتں حیدرآباد کو مرکزی زیر انتظام علاقہ بنانے کی کوششیں کررہی ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا عمل اب رکنے والا نہیں ہے اور صدر کانگریس سونیاگاندھی نے ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا وعدہ کیا تھا ، وہ اس وعدے سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں۔ جئے پال ریڈی نے کہا کہ مرکزی کا بینہ اور کانگریس ورکنگ کمیٹی نے بھی تلنگانہ ریاست کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے ۔ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کے اس دعوی پر کہ آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے آندھراپردیش کی تقسیم کی مخالفت کی بھی ، بالواسطہ تبصرہ کرتے ہوئے جئے پال ریڈی نے کہا کہ اس قسم کے دعوی کرنے والوں کو تاریخ کا مطالعہ کرناچاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی نے ریاست پنجاب کی تشکیل کی جو اواہر لال نہرو نہیں چاہتے تھے۔ ریالی میں سے خطاب کرتے ہوئے مختلف کانگریس قائدین نے کہا کہ وہ 10اضلاع بشمول حیدرآباد کے ساتھ تلنگانہ سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

Hyderabad would not become Union territory: Jaipal Reddy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں