15/نومبر بنگلور ایس۔این۔بی
17/نومبر کو شہر میں منعقدہ ہونے والی بی جے پی وزیر اعظم کے امیدوار اور گجرات کے وزیراعلی نریندر ا مودی کے "ہندوستان کو کامیاب بناؤ"ریلی کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے ۔ سٹی پولس کمشنر راگھویندرا اور ادکر نے یہ بات بتائی۔ آج سینئر افسران کے ساتھ جہاں پر ریلی منعقد ہورہی ہے اس جگہ کا جائزہ لینے کے بعد پیالس گراؤنڈ کے احاطہ میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی ریلی کے موقع پر حفاظتی انتظامات کیلئے 10ڈی سی پی ، 25اے سی پی ، 100انسپکٹرس، 300اے ایس آئی ، 3ہزار پولس اہلکار، 800ہوم گارڈس ، 500سی ایل ڈی ایف عملہ کے ساتھ ساتھ دوسرے اضلاع سے بھی پولس عملہ کو ریلی کیلئے تعینات کیا جائیگا۔ انہوں نے بتا یا کہ نریندرا مودی جملہ 3پرو گراموں میں شرکت کریں گے۔ ان تین پروگرموں میں شرکت کرنے کیلئے نریندرا مودی ہیلی کاپٹر سے ہی پہنچیں گے۔ بہار میں جو حادثہ پیش آیا جس کے سبب مودی کی ریلی کو خصوصی سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے احکامات جاری ہوئے ہیں۔ اس کے مطابق ہی تمام حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مودی کی شہر آمد سے روانگی تک سخت پہرہ لگا یا گیا ہے۔ بس اسٹینڈ ، ایئر پورٹ ، ریلوے اسٹیشن، مال کیلئے سیکورٹی عملہ کا تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کے وزیر اعلی کو این ایس ٹی سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گجرات پولس بھی آرہی ہے۔ کرناٹک کی پولس بھی ان کے ساتھ رہے گی۔ ان کے علاوہ 1400بی جے پی کے رضاکاروں کی بھی مدد لی جائیگی۔ تقریب میں شرکت کرنے کیلئے آنے والوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ریلی کا آغاز صبح 11گھنٹہ سے ہے۔ جس کے سبب 9گھنٹہ سے ہی داخل ہونے کا موقع فراہم کیا جائیگا۔ کرشنا وہار، تری پورہ واسنی ، گایتری وہار، جئے محل کے ذرعیہ ریلی کے انعقاد کی جگہ پر داخلہ کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ سٹی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پانی، ماچس، لکڑیاں، جھنڈے اور موبائل فون اپنے ساتھ نہ لائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ریلی کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ درپیش نہ ہونے کیلئے قبل از وقت اقدامات کئے گئے ہیں۔ میدان کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ شراب پر پابندی :۔ بھارت کو کامیاب بناؤ، ریلی کے پیش نظر یشونت اور جے سی نگر پولس تھانہ کی حدود میں اتوار کو شراب پر پابندی عائد کرنے کیلئے سٹی پولس کمشنر راگھویندرا اور ادکر نے احکامات جاری کئے ہیں۔ 17نومبر کی صبح 6بجے تا دیر رات 12بجے شمالی ڈویژن کے یشونت پور، جے سی نگر پولس تھانہ کی حدود میں آنے والے تمام بار، شراب کی دوکان ، پب اور تمام اقسام کے شراب فروخت کرنے والی دکانیں بند کرنے اور فروخت نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ یشونت پور سرکل سے یشونت پور ریلوے اسٹیشن سے رابطہ رکھنے والی سڑکیں لوگوں سے بھری ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں ٹریفک اژدھام بھی زیادہ رہتا ہے۔ ریاست کے چند مقامات سے زیادہ تر لوگ ٹرین ، اور موٹر سائیکلوں کے ذریعہ ہی متعلقہ مقامات تک پہنچتے ہیں۔ اس موقع پر چند شر پسند ، سماج دشمن عناصرشراب پی کر فسادات برپا کرسکتے ہیں اسی لئے شراب کی فروخت پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ٹریفک ڈویژن کے اڈیشنل پولس کمشنر دیا نند نے بتا یا کہ بی جے پی کی ریلی کے موقع پر شہری کو پریشانی لاحق نہ ہونے کیلئے ٹریفک کا انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ بلاری روڈ کے کاویری جنکشن ، مہکری سرکل اور ہبال تک دوسری گاڑیوں کی نقل و حمل پر پابندی لگا کر متبادل روٹ پر گاڑیاں چلانے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ 17نومبر کی ریلی میں شرکت کرنے کیلئے ٹمکور کی طرف سے آنے والی گاڑیاں گور گنٹے پالیہ سے رنگ روڈ، ہبال سے آکر نندی درگا کے قریب واقع آم کی منڈی میں پارک کرنا ہوگا۔ دابس پیٹ، نلمنگلا کی طرف سے آنے والی گاڑیاں بھی اسی روٹ کا استعمال کریں۔ میسور روڈ، کنکا پورہ روڈ سے آنے والی گاڑیاں نائنڈہلی کے ذریعہ رنگ روڈ سے سمن ہلی، گو ر گنٹے پالیہ کے ذریعہ ہبال پہنچ کر آم کی منڈی کے پاس پارک کریں۔ اس کے علاوہ ویالی کاول، ملیشورم گراؤنڈ میں بھی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اے سی پی کمل ناتھ ، پرنب موہانتی، جوائنٹ کمشنر ایس روی، ڈی سی پی روی کانتے گوڑا، سندیپ پاٹل و دیگر موجود تھے۔ Bangalore Police issues traffic guidelines ahead of Modi's rally
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں