سیما آندھرا مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-07

سیما آندھرا مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم

علیحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے خلاف آندھر ا پردیش کے وجے نگرم میں جاری پر تشدد مظاہروں کے درمیان آج انتظامیہ نے فورٹ سٹی وجے نگرم میں متحدہ آندھر ا پردیش کے حامی مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کل رات شہر میں کرفیو نافذ کیا گیا ، غیر معینہ کرفیو بدستور جاری ہے۔ دریں اثنا آج صبح سے محکمہ بجلی کے ملازمین کی اچانک ہڑتال شروع ہوجانے کی وجہ سے سیما آندھرا علاقے میں کئی ریل گاڑیاں جگہ جگہ رک گئی ہیں، جبکہ کئی ریل گاڑیوں کے وقت اور راستوں میں تبدیلیاں کی گئی ہے۔ ریلوے ذرائع نے بتا یا کہ محکمہ ریل کو کی جانے والی بجلی فراہمی میں 50فیصد گراوٹ آئی ہے۔ اس کی وجہ سے کئی ریل گاڑیا ں مختلف جگہوں پر رکی ہوئی ہیں۔ جبکہ اہم ٹرینوں کو ڈیزل انجن کے ذریعہ چلایا جارہا ہے۔ حیدر آباد جا نے والی سست واہن ایکسپریس ، چنئی جانے والے پناکنی ایکسپریس اور وشا کھا پٹنم جانے والی رتنا چل ایکسپریس کو ڈیزل انجن لگا کر روانہ کیا گیا ہے، جبکہ وجے واڑا۔گنٹور سیکن پر 7ٹرینوں کو رد کیا گیا ہے۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو مرکزی کابینہ کی ہری جھنڈی ملنے کے بعد سے ہی ریاست میں احتجاجی مظاہروں کا دور شروع ہوگیا ہے۔ آج اس کا تیسرا دن ہے۔ کشیدگی میں اضافہ کی وجہ سے کل رات 9بجے وجے نگرام میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ مظاہرین اور پولیس جوانوں کے مابین جھڑپ میں اب تک 12پولیس جوان زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک خاتون ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ کرشنا پرسنا، ایک پولیس انسپکٹر ، ایک اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ایک ہیڈ کانسٹبل اور 3کانسٹبل کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرا یا گیا ہے۔ مظاہرین نے کم از کم 20پر ائیویٹ اور پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا یا اور انہیں نذر آتش کردیا ۔

Telangana turmoil: curfew, shoot-at-sight orders in Vizianagaram in Seemandhra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں