اقلیتی نوجوانوں کا ڈاٹا لکھنؤ طلب - رنگناتھ مشرا کمیشن سفارشات پر عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-28

اقلیتی نوجوانوں کا ڈاٹا لکھنؤ طلب - رنگناتھ مشرا کمیشن سفارشات پر عمل

اتر پردیش حکومت نے تمام اضلاع کے روزگار آفس کے افسران کو جاری کئے گئے ایک سر کولر میں 24گھنٹے کے اندر روزگار دفتر میں رجسٹرڈ اقلیتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی تعداد ان کو مل رہے بے روزگاری بھتے اور پچھلے دو برسوں میں ان میں سے کتنے نوجوان مختلف ملازمتوں کو حاصل کر سکے ان سب پر ایک تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے ۔ ہفتہ کے روز گو رکھپور کے روزگار دفتر میں پورے دن عملہ اسی کام میں لگا رہا اور اس نے رپورٹ دیر شام حکومت کو ارسال کر دی ۔ اس سرکولر میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ سچر کمیشن کی رپورٹ اور رنگناتھ مشرا کمیشن کے سفارشات کے بعد رجسٹر ڈ، بے روزگاروں کی تفصیل فراہم کی جائے ۔ ذرائع کے مطابق مقامی انتظامیہ نے کمشنری سطح پر جو رپورٹ ارسال کی ہے اس کے مطابق گو رکھپور ضلع میں 1910تعلیم یافتہ مسلم بے روزگار رجسٹرڈ ہی ان میں سے 1901کو بے روزگاری بھتہ مل رہا ہے ۔ جبکہ چار سکھ، تین کرسچن اور ایک بودھ کو بھی یہ بھتہ دیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح دیوریا ضلع میں کل 1262اقلیتی فرقہ کے تعلیم یافتہ نوجوان بے روز گار رجسٹرڈ ہیں ان میں سے 1257کو بھتہ دیا جا رہا ہے جس میں 1252مسلم ہیں ایک سکھ، دو کرسچن اور ایک بودھ مسلک سے تعلق رکھنے والا ہے ۔ مہراج گنج ضلع میں کل 884اقلیتی فرقہ کے بے روزگار نوجوان رجسٹرڈ ہیں ان میں سے 959مسلمانوں کے علاوہ سکھ فرقہ سے تعلق رکھنے والے 8، کرسچن مذہب سے تعلق رکھنے والے ایک اور بودھ مذہب سے تعلق رکھنے والے 13نوجوانوں کو بے روزگار بھتہ دیا جا رہا ہے ۔ اس طرح کشی نگر ضلع میں کل 1332بے روزگار رجسٹرڈ ہیں جس میں سے 1319مسلمانوں کو، 8بودھ کو، چار کرسچن کو بے روزگار بھتہ دیا جا رہا ہے ۔ حکومت نے اس ڈاٹا کو منگانے میں جتنی تیزی سے کام لیا ہے اس کی بنیاد پر یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ 29تاریخ کو اعظم گڑھ میں اپنی پہلی انتخابی ریلی کو خطاب کے دوران وزیر اعلی اکھلیش یادو اور ملائم سنگھ یادو رنگناتھ مشرا کمیشن کی سفارشات میں سے کچھ سفارشات کے نفاذ کا اعلان کر سکتے ہیں اور اس طرح وہ یہ پیغام دینے میں کامیاب ہو جائیں گے کہ کمیشن تو کانگریس حکومت نے بٹھا یا تھا مگر پچھلے پانچ برسوں سے اس کی سفارشات کو وہ نافذ نہیں کر سکی جبکہ سماجوادی پارٹی نے اس کر کے دکھا دیا۔ واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی نے 24تاریخ کو پسماندہ طبقات کے لئے ایک انصاف رتھ یاترا اور یاک سماجک نیائے یاترا کے نام سے دو رتھ یاترا نکالی ہیں اس میں سے ایک یاترا 27اکتوبر صبح 9بجے گو رکھپور پہنچ رہی ہے ۔ پارٹی کے شہر صدر شہاب انصاری نے بتا یا کہ اس یاترا کے استقبال کے لئے پارٹی کے کارکنا ن کا ایک موٹر سائیکل جلوس کل صبح شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا سرکٹ ہاؤس جائے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اعظم گڑھ ریلی تاریخی ہو گی پارٹی کے ضلع صدر اودھیش یادو نے بھی اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے گو رکھپور ضلع کے جنوبی حصہ میں واقع تمام مواضعات میں ربط مہم کر کے لوگوں کو اعظم گڑھ جانے کے لئے تیار کیا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں