آندھرا پردیش میں موسلا دھار بارش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-26

آندھرا پردیش میں موسلا دھار بارش

حیدرآباد
( یو این آئی)
ریاست میں منگل کی شب سے موسلا دھار بارش کے نتیجے میں 20افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خلیج بنگال پر ہوا کے دباؤ میں کمی کا مرکز منڈلا رہا ہے جبکہ ریاستی حکومت نے ہزاروں افراد کا نشیبی علاقوں با لخصوص ساحلی اضلاع سے تخلیہ کروادیا ہے۔ راحت کاری کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں اور چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے بچاؤ راحت کاری سر گرمیوں کیلئے ضرورت کی صورت میں تمام اضلاع کو چوکس رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔ 2.49لاکھ ہیکٹرس پر فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔ نشیبی علاقوں با لخصوص ساحلی آندھرا اور رائلسیما کے متعدد ٹاؤنس اور مواضعات ہنوز زیر آب ہیں۔ بارش نے سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچایا اور متعدد شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔ ہزاروں افراد کا ان کے گھروں سے تخلیہ کرواتے ہوئے انہیں کیمپس منتقل کردیا گیا ہے۔ صورتحال بہت سنگین ہے جبکہ ڈیلٹا کا سارا علاقہ زیر آب آگیا ہے۔ گندے پانی کی نکاسی کی نالیاں اور تالاب امڈ پڑے ہیں اور بعض مقامات پر مسلسل بارش کی وجہ سے پشتوں کے ٹوٹ جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ لفٹ اریکیشن اسکیم کے 6ورکرس جو ضلع گنٹور کے یدلا پڑو اور چلکوری پیٹ میں سیلاب کی لپیٹ میں جمعرات سے پھنسے ہوئے تھے انہیں آج قویم ذیز اسٹر ریسپانس فورس ( این ڈی آر اے) عملہ کی مدد سے بچالیا گیا۔ گزشتہ چار دن سے حیدر آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں حسین ساگر کی آبی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔ رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ آج آبی سطح 513.41میٹرس ایف ٹی ایل تک پہنچ گئی ہے۔ تالاب کی بھر پور صلاحیت 513.51میٹر ہے اور موجودہ سطح 513.25میٹر سے متجاوز ہے۔ رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ دونوں شہروں کا بارش کا پانی تالاب کے پانی میں اضافہ کررہا ہے جس سے سطح آب میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ ارون دتی نگر ، رتنانگر، دتا نگر ، دومل گوڑہ، حمایت نگر اور اشوک نگر کے عوام سیلاب کے خطرہ کو محسوس کرتے ہوئے راتوں میں نیند محروم سے ہوگئے ہیں۔ اگر آبی سطح میں مزید اضافہ ہو تو یہ علاقے زیر آب آجائیں گے۔ کرشنا میں سیلاب کا پانی بڑی مقدار میں بہہ کر آرہا ہے جس سے دریا میں طغیانی پیدا ہوگئی ہے۔ نتییجتا وجئے واڑہ کے پرکاشم بیریج میں 70کریسٹ گیٹس ( پانی کے اخراج کے دروازے) کو کشادہ کردیا گیا ہے تاکہ خلیج بنگال میں 1.18لاکھ کیوزیک پانی کا اخراج عمل میں لایا جاسکے۔ شمالی ساحلی آندھرا کے بشمول متعدد ندیاں اور نالے کئی مقامات سے پانی امڈ پڑا۔ آندھرا میں بارش سے بسوں اور ٹرینوں کی آمد ورفت میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ حیدر آباد اور تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چند دنوں کے دوران موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے نتیجے میں شاہرائیں زیر آب آگئی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ متعدد رہائشی کالو نیوں میں بھی پانی جمع ہو گیا ہے۔ موسلا دھار بارش اور مختلف مقامات پر پانی جمع ہوجانے سے بڑے پیمانے پر ٹریفک کی آمد و رفت میں رکاوٹ ہورہی ہے جس سے گاڑی چلانے والوں کو آگے بڑھنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ گولن تھری میں ریل کی پٹری پر دو فٹ پانی جمع ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں وشا کھا پٹنم اور بھوبنیشور کے درمیان ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مسلسل بارش سے حیدر آباد اور سکندر آباد جیسے دونوں شہروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سنگارینی کالریز کانوں میں مسلسل بارش سے کوئلہ کی پیداوار کو دھکہ پہنچا ہے۔ ورنگل ضلع میں بھوپال پلی معدنوں میں کانکنی سر گرمیوں کو شدید بارش کے پیش نظر روک دیا گیا ہے۔ اس کی مسدودی کے نتیجے میں 9ہزار ٹن کوئلہ کی پیداوار عمل میں نہیں آسکی۔ حیدر آباد میں شدید بارش کے نتیجے میں سرور نگر تالاب کے پانی سے قریب کی کالونیاں زیر آب آگئی ہیں۔ کو دنڈارام نگر، برنداون کالونی کے عوام گزشتہ 48گھنٹوں سے پانی میں زندگی گزارتے ہوئے سرکاری عہدیداروں کی امداد کے منتظر ہیں۔ حکومت نے اسکولوں اور قدیم عمارتوں میں واقع دیگر اسکولوں کیلئے احتیاطی اقدام کے طور پر تعطیل کا اعلان کرد یا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں