وی ایچ پی کی سنکلپ ریالی ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-19

وی ایچ پی کی سنکلپ ریالی ناکام

حکومت اتر پردیش نے وشواہندو پر یشد (وی ایچ پی)کی مجوزہ "سنکلپ دیوس ریالی"کے خلاف کا روائی کے حصہ کے طور پر آج 1600افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ جن میں بی جے پی ایم پی یوگی آدتیہ ناتھ اور کئی وی ایچ پی قائدین شامل ہیں ۔ایودھیا اور فیض آباد کی سرحدوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل (لاء اینڈآرڈر)آر کے وشوا کرما نے بتایا کہ " اب تک ،بی جے پی اور وی ایچ پی قائدین کے بشمول 1600افراد ،بطور احتیاطی اقدام ریاست کے طول وعرض میں گرفتا ر کئے جاچکے ہیں ۔ایودھیا اور فیض آباد کی سر حدوں کی ناکہ بندی جاری ہے ۔شرد پور نیما کے موقع پر دریائے سریو میں لگ بھگ 10ہزار افراد نے اشنان کیا۔یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کے ساتھ دیگر 24افراد کو جو ایودھیا جارہے تھے،گونڈاریلوے اسٹیشن پر بطور احتیاطی اقدام گرفتار کرلیا گیا ہے۔گونڈا میں ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ انجنی کمار سنگھ نے یہ بات بتائی ۔آدتیہ ناتھ،ستیہ دیوسنگھ ،سوریہ نارائن تیواری (بی جے پی کے علاقائی سکریٹری)اور دیگر افراد کو محکمہ آبپاشی کے فیلڈ ہاسٹل میں رکھا گیا ہے۔ وی ایچ پی کے قومی جنرل سکریٹری چمپت رائے ،بی جے پی رکن اسمبلی رامچندر یادو اور لگ بھگ 200کارکنوں کو ایودھیا میں رام سیوک پورم سے گرفتار کیا گیا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ یوپی پولیس نے کل لگ بھگ 340افراد کو گرفتار کرلیا تھا جن میں بی جے پی رکن اسمبلی للوسنگھ شامل ہیں۔ریالی سے عین قبل دیگر42افراد کو گھروں پر نظر بند کیا گیا ہے ۔وشواکرمانے کل بتایا تھا کہ "وی ایچ پی کار کنوں کو ریالی میں شرکت سے روکنے کے لئے سریو پئل،فیض آباد اور ایودھیا میں مرحلوں پر مشتمل رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔ریاپڈ ایکشن فورس اور پی اے سی کے 2ہزار جوانوں کو اس علاقہ میں متعین کردیا گیا ہے۔احتیاطی اقدام کے طورپر پولیس لائن علاقہ میں ایک عارضی جیل قائم کر دی گئی ہے"اسی دوران فیض آباد ضلع مجسٹر یٹوپن کمار دیویدی نے بتایاکہ کئی افراد کوامتناعی احکام کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیاگیا ہے۔ "ہم نے وی ایچ پی کی سنکلپ سبھا ہونے نہیں د ی اور یہ افراد ،رام سیوک پورم نہیں پہنچ سے ۔اس طرح ان لوگوں کے مقصد کی تکمیل نہیں ہوئی ہے ۔

نئی دہلی۔ (یو این آئی)
مرکزی وزرات داخلہ نے حکومت اتر پردیش سے خواہش کی ہے کہ ایودھیا میں جوں کاتوں موقف برقرار رکھاجائے جہاں وی ایچ پی نے"سنکلپ دیوس ریالی"منظم کرنے کی اپیل کی ہے ۔وزرات داخلہ نے ریاستی حکومت سے یہ بھی خواہش کی ہے کہ فرقہ ورانہ صورتحال کو کنٹرو ل میں رکھا جائے۔ مرکز نے اترپردیش کے حکام سے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست بھر میں چوکس رہیں اور کسی بھی مقام پر فرقہ ورانہ کشیدگی کو پھیلانے کی ،کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں ۔وزرات داخلہ نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایودھیا میں ،سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں رام جنم بھومی ۔بابری مسجد اراضی کے جوں کے توں موقف کو برقرار رکھے اور متنازعہ علاقہ کے قریب کوئی بھی اجتماع نہ ہونے دے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے سینئر عہد یدار ،ایودھیا کی موجودہ صورتحال پر مرکزی حکومت کے عہددیداروں کو یہ اطلاع دے دی گئی ہے کہ اراضی کے قریب کسی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔حکومت اتر پردیش نے وی ایچ پی کی سنکلپ دیوس ریالی پر امتناع بھی عائد کردیا ہے۔

VHP's 'Sankalp Yatra' fizzles out

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں