وزراتی گروپ تلنگانہ مسئلہ کا حل نکالے گا - وزیر اعظم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-25

وزراتی گروپ تلنگانہ مسئلہ کا حل نکالے گا - وزیر اعظم

وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج یہ امید ظاہر کی ہے کہ تلنگانہ کے مسئلہ کا جائزہ لینے والا وزراتی گروپ اس پیچیدہ مسئلہ کا کوئی حل تلاش کرے گا۔ انہوں نے روس اور چین کے دو قومی دورے سے واپسی کے دوران اپنے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں کو بتا یا کہ معاملہ اب وزراتی گروپ کے پاس زیر التوا ہے۔ وہ اس مسئلہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گا اور مجھے یقین ہے کہ اس انتہائی مشکل اور پیچیدہ مسئلہ کا ٹھوس حل تلاش کرے گا۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ آیا انہیں یقین ہے کہ حیدر آباد کے موقف جیسے پیچیدہ مسائل کی یکسوئی کے بعد 2014کے الیکشن سے پہلے تلنگانہ ریاست تشکیل دی جاسکے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قانون سے بالاتر نہیں ہیں اور کوئلہ اسکام کے سلسلہ میں کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ منموہن سنگھ نے جن پر صنعت کار کمارامنگلم برلا اور کوئلہ کے سابق سکریٹری پی سی پاریکھ کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے بعد شدید با دہے، پہلی مرتبہ اس تنازعہ کے بارے میں اپنی خاموشی توڑی۔ انہوں نے کہا کہ میں قانون سے بالاتر نہیں ہوں۔ اگر کوئی بات ہو تو سی بی آئی یا کوئی بھی مجھ سے کچھ پوچھنا چاہتا ہے تو میرے پاس چھپانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے مایوس ہوئے اور ان سے کہا کہ اس قدر تاخیر کے بعد ہی سہی آپ یہ محسوس کریں کے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر جو کچھ ہورہا ہے وہ دونوں ملکوں کیلئے بہتر نہیں ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرے گی کہ راہول گاندھی کو کوئی خطرہ نہ ہو۔ منموہن سنگھ نے صحافیوں کو بتا یا کہ میں اور تمام باشعور لوگ ملک میں نفرت کی سیاست پر فکر مند ہوں گے۔ جہاں تک راہول گاندھی کی زندگی کو لاحق خطرہ کی بات ہے حکومت تمام احتیاطی اقدامات کرے گی لیکن انہوں نے کہا کہ دھمکیاں کوئی معنی نہیں رکھتیں۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ 2014کے انتخابات میں نریندر مودی کی مہم وقت سے پہلے اپنے عروج پر پہونچے گی اور ملک ایک بار پھر نتائج سے حیران رہ جائے گا جس میں کانگریس اقتدار پر لوٹے گی۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ کانگریس کی مہم سرگرم نہیں اور یو پی اے 2میں کئی اسکامس کی وجہ سے چیف منسٹر گجرات کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اس بات سے مطمئن ہے کہ چین سنجیدگی دکھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی سرحد پر امن اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی۔ منموہن سنگھ نے بی جے پی کی طرف سے کی جانے والی سیاست پر نفرت کا اظہار کیا ۔ اس دوران وزیر اعظم منموہن سنگھ روس اور چین کے پانچ روزہ دورہ کے اختتام پر نئی دہلی پہونچ گئے۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے روس کے صدر ولا دیمیر پوٹین کے ساتھ چوٹی ملاقات کی۔ بیجنگ میں تین روزہ قیام کے دوران انہوں نے اپنے چینی ہم منصب لی کی کیانگ کے ساتھ بات چیت کی۔ اس سے پہلے چین کے سابق وزیر اعظم وین جیا باؤ نے منموہن سنگھ کیلئے ظہرانہ کا اہتمام کیا جو ایک غیر معمولی بات ہے۔

Prime Minister: Hope GoM will find a solution for Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں