آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بیڑ حلقہ انتخاب سے مسلم اقلیتی طبقہ کو امیدواری دی جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-22

آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بیڑ حلقہ انتخاب سے مسلم اقلیتی طبقہ کو امیدواری دی جائے

سید نوید الزماں نے دہلی دفتر میں این سی پی ہائی کمان سے امیدواری کی مانگ کی
بیڑ ضلع کی مسلم آبادی اور ودھان سبھا انتخابات کے مد نظر آئندہ لوک سبھا میں بیڑ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے امیدواری دی جائے اس طرح کی مانگ بیڑ ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قد آور رہنماء جناب سید نوید الزماں کی جانب سے زور پکڑ رہی ہے۔لوک سبھا کی امیدواری کی مانگ بھی سید نوید الزماں کی جانب سے پارٹی ہائی کمان کے پاس دہلی دفتر میں کی گئی ہے۔اس طرح کی بات سید نوید الزماں نے اخبار ھذاٰ کے نمائندہ سے کہی۔راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے مسلم قیادت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اس مرتبہ اگر مسلم قائد کو لوک سبھا کی امیدواری دی جاتی ہے تو راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب سے اقلیتی خصوصی مسلم طبقہ کو انصاف ملے گا اس طرح کی بات سامنے آ رہی ہے۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے دہلی دفتر میں پارٹی کی اعلیٰ قائدین پر مشتمل کمیٹی کے سامنے سید نوید ازماں نے اپنی بات پیش کی ۔نوید الزماں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر انھیں اس مرتبہ لوک سبھا کی امیدواری دی جاتی ہے تو بیڑ لوک سبھا حلقہ کے مسلم ووٹرس سمیت دیگر طبقوں کے ووٹرس کو وہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جانب راغب کرینگے۔گذشتہ لوک سبھا الیکشن میں مسلم ووٹوں کی خاصی تعداد بی جے پی کی جھولی میں جا گری تھی جس کے سبب راشٹروادی کانگریس پارٹی کو اس حلقہ انتخاب سے ہار اور بی جے پی جیسی فرقہ پرست پارٹی کو جیت نصیب ہوئی تھی۔میں گذشتہ کئی سالوں سے راشٹروادی کانگریس پارٹی کا پوری لگن اور محنت سے کام انجام دے رہا ہوں اس حلقہ انتخاب کے مسلم ،دلت سمیت دیگر سماج میں میری شخصیت صاف ستھری اور بخوشی قابل قبول ہے۔
واضح ہو کہ بیڑ لوک سبھا حلقہ انتخاب انڈین نیشنل کانگریس اور راشٹروادی کانگریس پارٹی اتحاد میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے لئے مختص ہے لیکن گذشتہ کئی مرتبہ سے راشٹروادی کانگریس پارٹی کو اس حلقہ انتخاب میں ہار کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے۔اس کی وجہ دلت،مسلم،مراٹھا،بنجارہ سبھی سماج کو ساتھ لیکر چلے ایسا امیدوار نہیں مل سکا یہ بتائی جاتی ہے۔کبھی مراٹھا کارڈ کی سیاست ہوتی ہے تو کبھی کوئی اور کارڈ کی جس کے نتیجے میں پارٹی کو سوائے شکست کے کچھ نہیں ملا ۔بیڑ ضلع یوتھ کانگریس کے سابق ضلع صدر اور مولانا آزافائنانس کارپوریشن کے سابق ڈائریکٹر سید نوید الزماں کی سبھی سماج کے لئے کی گئی کاوشوں سے سبھی واقف ہیں۔سید نوید الزماں نے کبھی اپنے مفاد کے لئے سیاست نہیں کی یہ بات بھی روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔گذشتہ دو تین مرتبہ سے راشٹروادی کانگریس پارٹی نئے نویلے امیدواروں کو لوک سبھا کی امیدواری دے رہی ہے لیکن نتیجہ ’ صفر ‘ ہے اس طرح کی بات رائے دہندگان میں زیر گفتگو ہے۔بیڑ لوک سبھا حلقہ انتخاب سے بی جے پی کے موجودہ ایم پی اور آئندہ انتخابات کے امیدوار گوپی ناتھ راؤ منڈے کو شکست فاش دینے کے لئے نوید الزماں کی صورت میں ایک قابل امیدوار موجود ہے۔نوید الزماں کو امیدواری دئے جانے پر پارٹی کی جیت بھی یقینی ہوگی اور اقلیت طبقہ کے ساتھ بھی انصاف کا معاملہ ہوگا اس طرح کی بیڑ حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں کے مسلم،دلت ،و دیگر سماج کے رائے دہندگان میں جاری ہونے کی بات سامنے آ رہی ہے۔

Muslim minority community candidate from beed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں