پاک - ایران گیاس پائپ لائن پراجکٹ - امریکی تحدیدات کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-05

پاک - ایران گیاس پائپ لائن پراجکٹ - امریکی تحدیدات کا انتباہ

امریکہ کے ایک سرکردہ سفارت کار نے کہا کہ اگر پاکستان کئی ملین ڈالر کے ایران ۔ پاک گیاس پائپ لائن پراجکٹ میں شامل ہوگا تو وہ امریکہ کی سخت تحدیدات کی زد میں آسکتا ہے۔ امریکی انڈر سکریٹری آف اسٹیٹ ونڈی شرمن نے کانگریس کی سماعت کے دوران بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں پاکستان سے بات چیت کی جارہی ہے۔ پاکستان پر واضح کردیا گیا کہ اگر وہ ایران ۔پاک گیاس پراجکٹ کو آگے بڑھائے تو وہ امریکی سخت تحدیدات کی زد میں آسکتا ہے۔ ونڈی شرمن نے سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امکانی تحدیدات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ پاکستان نے محسوس کرلیا ہے کہ اس سلسلے میں امریکہ کا کیا موقف ہے۔ گذشتہ ہفتہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت ایران کے ساتھ گیاس پائپ لائن پراجکٹ کے اشتراک کو آگے بڑھائے گی۔ پاکستان کی سابق حکومت نے ایران کے ساتھ گیاس پائپ لائن پراجکٹ کا معاہدہ کیا تھا۔ سینٹ کے ایک رکن نے کہا کہ اگر پاکستان اور ایران کے درمیان گیاس پائپ لائن پراجکٹ آگے بڑھے تو ایران کے خلاف امریکی تحدیدات کی خلاف ورزی ہوگی۔ اگر پاکستان اس سلسلہ میں پیش رفت کرتا ہے تو امریکہ تحدیدات عائد کرنے آگے بڑھے گا۔

US restrictions on Iran Pakistan gas pipeline project

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں