آندھرا پردیش میں بارش کا قہر جاری - 12 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-25

آندھرا پردیش میں بارش کا قہر جاری - 12 افراد ہلاک

آندھرا پردیش میں آج بارش سے مربوط واقعات میں 12افراد ہلاک اور ایک لاپتہ بتائے گئے ۔ چار افراد ضلع پرکاشم کی ایک ندی میں غرقاب ہوگئے۔ جبکہ ایک دیوار کے انہدام سے حیدرآباد میں تین افراد کی جانیں گئیں۔ گنٹور میں دو 'کرنول'مغربی گوادوری اور وزیا نگرم اضلاع میں فی کس ایک اموات کی اطلاع ہے۔ دفتر چیف منسٹر کی جانب سے جاری اطلاع میں آج یہ بات بتائی گئی ۔چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے وزراء چیف سکریٹری بی کے موہنتی اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ تمام علاقوں میں راحت کاری کاموں کا آغازکیا جائے۔ جہاں کہیں ضرورت ہو راحت کاری کیمپس کھولے جائیں گے۔ ڈیز اسٹر مینجمنٹ کمشنر ٹی رادھا نے چیف منسٹر کو بتا یا کہ نیلو ر۔ پرکاشم وشاکھا پٹنم اور وزیا نگرم اضلاع میں پہلے 15راحت کاری کیمپس کھولے گئے ہیں۔ جن میں 4611افراد کو رکھا گیا ہے۔ رادھا نے کہا کہ 2۔49لاکھ ہیکٹر پر مشتمل فصلیں جن میں 1۔07لاکھ ہیکٹر دھان کی فصل اور 1۔31لاکھ ہیکٹر کپاس کی فصل شدید بارش اور سیلاب سے زیر آب آگئے ہیں۔ ریاست بشمول تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں 1884مکانات کو نقصان پہنچا ۔ ڈیز اسٹر مینجمنٹ کمشنر نے کہا کہ آئندہ 48گھنٹوں میں ساحل اضلاع اور ریاست میں بارش جاری رہے گی۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت و طبابت کو ہدایت دی کہ متاثرہ اضلاع میں ملیریا ، ڈینگو اور جرائمی بخار کی وباء کو پھیلنے سے روکنے سخت چوکسی اختیار کریں ۔ انہوں نے پرنسپال سکریٹری سے کہا کہ اضلاع میں بیماریوں کے پھیلنے سے متعلق رپورٹ طلب کریں۔ کئی مقامات پر ریلوے پٹریوں کے زیر آب آنے سے ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے طویل مسافتی ٹرینوں کا رخ موڑ دیا اور متبادل روٹس اختیار کئے گئے قومی شاہراہوں پر گھٹنے برابر سیلاب کا پانی جمع ہوگیا جس سے سڑک پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ اضلاع کے نشیبی علاقوں سے ہزاروں افراد کو ریلیف کیمپس منتقل کیا گیا۔ سریکا کلم اور پرکاشم اضلاع میں حکومت نے بڑے پیمانے پر راحت کاری اور بچاؤ کام انجام دیئے ہیں۔

Heavy rains in Andhra Pradesh: 12 killed, thousands evacuated

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں