ہندو اور مسلمان ایک دوسرے سے نہیں غریبی سے لڑیں گے - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-28

ہندو اور مسلمان ایک دوسرے سے نہیں غریبی سے لڑیں گے - مودی

پٹنہ
( پی ٹی آئی)
نریندر مودی نے آج اپنے کٹر مخالف نتیش کمار پر ان کی ہی سرزمین پر شدید تنقید کا نشانہ بنا یا اور بہا ر کے چیف منسٹر کو ایک موقع پر ست اور منافق قرار دیا جنہوں نے جئے پرکاش رام منوہر لوہیا جیسے عظیم سماج وادیوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور ان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ بی جے پی جنتا دل یو اتحاد کے دور میں انتخابی مہم سے نتیش کمار کی جانب سے دور رکھے جانے کے بعد پہلی مرتبہ بہار کا دورہ کرتے ہوئے 17سال قدیم تعلقات توڑنے پر مودی نے ان پر کئی مرتبہ تنقید کی۔ مودی نے الزام لگا یا کہ نتیش کمار کانگریس کے ساتھ آنکھ مچولی کا کھیل کھیل رہے ہیں جس کے خلاف ان کے سیاسی آقا جئے پرکاش نارائن اور رام منوہر لوہیا نے اپنی پوری زندگی لڑائی لڑی تھی۔ مودی نے کہا کہ نتیش کمار وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ مودی نے کانگریس اور یو پی اے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عوام سے کہا کہ وہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کو روکنے میں ناکامی ، بڑھتے ہوئے کرپشن اور غریبوں کو راحت پہنچانے کے بجائے ان کا مذاق اڑانے پر اس حکومت کو بیدخل کردیں۔ وزیر اعظم کے عہدہ کے لئے بی جے پی امیدوار نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندؤں اور مسلمانوں کو ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے غریبی سے لڑنا چاہئے۔ پٹنہ کے گاندھی میدان پر زبردست ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے اپنے منفرد انداز میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے موضوع کو چھیڑا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہندو غریبی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں یا مسلمانوں کے خلاف۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ کیا مسلمان غریبی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں یا ہندوؤں کے خلاف۔ چیف منسٹر گجرات نے اس سوال کا خود جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فرقوں کو مل کر غریبی سے لڑنا چاہئے۔ مودی نے کہا کہ ملک کے معاشی مسائل کا ایک ہی حل ہے ، جو ترقی ہے، مودی نے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کی ریاست میں مسلمان خوش ہیں۔ مودی نے گجرات کے کچھ اور بہروچ علاقوں کا حوالہ دیا جہاں مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی ہے اور کہا کہ ریاست سے حج کو جانے والے مسلمانوں کا کوٹہ 45ہزار ہوتا ہے اور ہر سال تقریبا 40ہزار مسلمان حج کو جاتے ہیں۔ یہ بات بی جے پی کے اقتدار میں ان کی ترقی و خوشحالی کو ظاہر کرتی ہے۔ انھوں نے کانگریس پر سیکو لرازم کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگا یا اور قوم کی ترقی کے لیے ہند۔ مسلم اتحاد کا نعرہ لگایا۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی ایک دوسرے سے لڑنا نہیں چاہتا بلکہ انہیں مل جل کر غربت کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ ان کی پارٹی ملک اور قوم کے اتحاد کو یقینی بنانے کا عزم رکھتی ہے۔ مودی نے نتیش کمارکا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے دہلی میں چیف منسٹرس کے ایک اجلاس کے موقع پر جب ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تب کمار نے کچھ نہیں کھایا۔ وہ بے چینی محسوس کر رہے تھے اور ادھر ادھر دیکھ رہے تھے۔ مودی نے کہا کہ "میں معاملہ بھانپ گیا اور ان سے کہا یہاں کیمرے نہیں ہیں۔ آپ کھانا کھاسکتے ہیں ۔۔۔منافقت کی بھی حد ہوتی ہے"۔

Fight poverty, not each other: Modi to Hindus, Muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں