فائلین طوفان - احتیاطی اقدامات کیلئے وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش کی ہدایات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-11

فائلین طوفان - احتیاطی اقدامات کیلئے وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش کی ہدایات

ریاست میں فائلین طوفان سے نمٹنے کے سلسلہ میں مختلف سرکاری محکمہ جات کے درمیان اشتراک وتعاون پیداکرنے چیف منسٹراین کرن کمارریڈی نے آج ایک اہم جائرہ اجلاس چیف سکریٹریٹ میں منعقدکیا ۔اس اجلاس میں وزیر مال این رگھویراریڈی،چیف سکریٹری حکومت ڈاکٹرپی کے موہنتی اوردوسرے شریک تھے۔چیف منسٹرنے اس اجلاس میں تمام عہدیداروں کوہدایت دی ہے کہ وہ ساحلی اضلاع میں تمام احتیاطی تدابیرکو اختیارکریں تاکہ عوام کی جانوں اورجائیدادکوکم سے کم نقصان پہنچے۔چیف منسٹرنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام نشیبی علاقوں سے عوام اورمویشیوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کردیاجائے۔چیف منسٹرکی ہدایت پرچیف سکریٹری حکومت اورکمشنر ڈیز اسٹر مینجمنٹ ڈاکٹر ٹی رادھا نے ریاست کے 9اضلاع کے کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تبادلہ خیال کیا۔ ایک پیش قیاسی کے مطابق فائلین طوفان سے ریاست کے 9ساحلی اضلاع سریکا کلم، وجیا نگرم، وشاکھا پٹنم، مشرقی و مغربی گوداوری ، گنٹور، کرشنا، پرکاشم، اور نیلور متاثر ہوں گے۔ اس سلسلہ میں تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ آئندہ 12گھنٹوں میں طوفانی صورتحال کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ حکومت کی جانب سے 24گھنٹے پر مشتمل کنٹرول رومس، سکریٹریٹ میں کھولے گئے ہیں۔ ان کنٹرول رومس کے نمبرات 040-23456005/ 23451043 اور فیاکس نمبر 23451819رکھے گئے ہیں۔ تمام 9اضلاع میں کنٹرول رومس کی کھولنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریوینو بلدی نظم ونسق، پنچایت راج محکموں کے ملازمین کو تیار رکھا جائے ۔ ان اضلاع میں ڈیز اسٹڑ مینجمنٹ سل کو متحرک کردیا گیا ہے۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ گاڑیوں کو تیار رکھیں ۔ ضرورت پڑنے پر خانگی گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں۔ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غذائی اجناس کیروسین، پینے کا پانی پیاکٹس میں سر براہ کرنے تیار رکھیں۔ نشیبی علاقوں سے عوام کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور ریلیف کمپس کی کشادگی کے علاوہ کیمپوں کے انچارج عہدیداروں کے نمبرات تشہیر کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ پنچایت راج کو اور محکمہ صحت کو اپنی ٹیمیں تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

AP Gears Up to Face Phailin Cyclonic Storm

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں