سکندرآباد کوآپریٹیو بنک - مسلمانوں کی خدمت میں سرگرم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-23

سکندرآباد کوآپریٹیو بنک - مسلمانوں کی خدمت میں سرگرم

secunderabad-cooperative-bank-serving-muslims
ڈائرکٹر سکندرآباد کوآپریٹیو اربن بینک ظفر جاوید نے کہاکہ کسی بھی قوم کی معاشی ترقی کیلئے مضبوط بنک کاری نظام کا ہونا ضروری ہے۔ آج سکندرآباد کوآپریٹواربن بینک کے پندرہویں سالانہ جنرل باڈی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر مستحکم بینک کافی نظام موجود نہ ہوتو معاشی ترقی کا حصول دشوار ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سکندرآباد کوآپریٹیو اربن بینک کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔ گذشتہ15برسوں سے بینک قوم کی شفاف انداز میں خدمت کرتا آیاہے۔ ظفر جاوید نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ بینک کی خدمات میں وسعت دی جائے نئی شاخیں قائم کرتے ہوئے نئے علاقوں کے عوام کو بینک کی خدمات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیاجائے۔ عوام کی چھوٹے چھوٹے قرض حاصل کرنے میں مدد کی جائے۔ انہوں نے بینک کے ڈائرکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ معاشی طاقت بن کر ابھریں۔شریعہ بینک کاری نظام کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے ظفر جاوید نے کہاکہ ہندوستان میں شریعہ بینکنگ کے متعلق غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ منصف ٹی وی ایم ڈی ڈاکٹر حیدر رضا عادل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکندرآباد کوآپریٹیو اربن بینک مسلمانوں کی خدمت میں سرگرم ہے اور سنجیدگی و شفافیت کے طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے ترقی کی منزلیں طئے کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو بھی بینک کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ بینک کے استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ وقت کا تقاضہ قرار دیتے ہوئے حیدررضاعادل نے کہاکہ بینک کی کارکردگی میں مزید بہترین اسی وقت ممکن ہے جب بینک کے کھاتہ داروں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں بینک کو قومی بینکوں کے مماثل ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ سابق سی ای او سکندرآؓاد کوآپریٹیو اربن بینک مرزا یوسف بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکندرآباد کوآپریٹیو اربن بینک کا نظریہ اسلامی بینک کاری نظام کو اختیار کرنا ہے ۔ موجودہ بینک کاری نظام کو مفاد پرستی اور مادہ پرستی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس غلط نظام بینک کاری سے نجات کا واحد متبادل اسلامی بینک کاری نظام ہے۔ اس نظام کو اختیار کرنے سے سرمایہ کاری کے واقع پیدا ہوں گے اور روزگار کے حصول میں آسانی ہوگی۔ نائب صدرنشین سکندرآباد کوآپریٹیو اربن بینک سید ظہور الدین ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ادارے کو کامیابی کے ساتھ چلانا کسی چیالنج سے کم نہیں ہے۔ ہم انتہائی استقلال سے گذشتہ15برس سے بینک کو کامیابی کے ساتھ چلارہے ہیں اور مستقبل میں بھی اپنے نیک مقاصد کی تعمیل کیلئے جذبہ خدمت اور شفافیت کے طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوہئے ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اخلاقی حمایت کرنے کی خواہش کی۔ اس تقریب سے نواب میراکبر علی خان نے بھی خطاب کیا۔ مفتی معراج الدین علی ابرار نے بینک کے قیام کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

secunderabad cooperative bank serving muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں