عازمین حج کی خدمات میں مزید بہتری کے منصوبہ پر عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-28

عازمین حج کی خدمات میں مزید بہتری کے منصوبہ پر عمل

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کے لئے خدمات میں اس سال مزید بہتری کے منصوبہ کو روبہ عمل لایاجارہاہے۔ حرمین شریفین کے نگران کار ادارہ کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہاکہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں اس سال حج کے دوران لاکھوں زائرین کو بہترخدمات فراہم کرنے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ اس سال زائرین کے لئے خدمات میں تعلیم اور کونسلنگ کا بھی اضافہ کیاگیاہے۔ شیخ سدیس نے کہاکہ مسجد نبویؐ اور اس کے اردگرد 2لاکھ 65ہزار مربع میٹر رقبہ کا احاطہ کرتے ہوئے 10ہزار قالینیں بچھائی گئی ہیں۔ نیز تینوں منزلوں پر تمام سمتوں میں10ہزار اسپاٹ لائٹس لگائی گئی ہیں۔ السدیس نے بتایاکہ اس سال مسجد نبویؐ میں خدمات کی فراہمی کیلئے 5ہزار 300مرد اور خاتون خدام کو مستعار لیاگیا ہے جو24گھنٹے شفٹ میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی مسئلہ سامنے آنے پر فوری توجہ دینے اور کام کی تکمیل کویقینی بنانے کیلئے مختلف سرکاری محکموں کے اشتراک سے ایک علیحدہ محکمہ قائم کیاگیاہے۔ اس محکمہ کی سرگرمیوں اور کارکردگی کے بارے میں وقتاً فوقتاً رپورٹس تیار کی جائیں گی۔ السدیس نے کہاکہ کئی شیوخ ، علماء اور معلمین، زائرین کو مناسک کی انجام دہی میں مدد کریں گے۔ زائرین کی مدد کیلئے گرل اسکاؤٹس کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ مسجد الحرام کے اندر اور باہر آب زم زم کی تقسیم کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ السدیس نے کہاکہ ضرورتمند افرا دکی مدد کیلئے گاڑیاں دستیاب ہوں گی اور عہدیداران کو حرمین شریفین کے باب الداخلوں کی نگرانی پر مامور کیاجائے گا تاکہ اس بات کویقین بنایاجائے کہ غذائی ائٹمس حرم سے باہر ہوں اور حفظان صحت کے معیارات کو برقرار رکھاجائے۔ السدیس نے کہاکہ خدمات فراہم کرنے والے سرکاری محکمہ بشمول جنرل ایڈمنسٹریشن اور پراجیکتس اینڈ اسٹڈیز، پبلک ایڈمنسٹریشن سرویسس اور متعلقہ مینٹیننس اور آپریشنل مینجمنٹ ٹیمیں خدمات پر مامور رہیں گی۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ایر کنڈیشننگ، آڈیو سسٹمس، کنٹرول سسٹمس، کمیونیکیشنز ڈیوائسس اور برقی سیڑھیوں کی دیکھ ریکھ پر ایک علیحدہ محکمہ توجہ دے گا۔

Govt plan to Improve services to hajj pilgrims - Abdur Rahman Sudais

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں