اترپردیش میں شرپسند عناصر کے خلاف کاروائی کی اپیل - اسرار الحق قاسمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-05

اترپردیش میں شرپسند عناصر کے خلاف کاروائی کی اپیل - اسرار الحق قاسمی

معروف قومی و ملی رہنما اور ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرار الحق قاسمی نے آج نئی دہلی میں سماج وادی سپریمو ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کرکے مغربی یوپی میں جاری تشدد فرقہ وارانہ اور شرپسندانہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ مولانا قاسمی نے کہاکہ ضلع مظفر نگر اور سہارنپور میں فرقہ پرست عناصر کی جانب سے مسلمانوں اور بالخصوص دارالعلوم دیوبند و دیگر مدارس کے طلبہ پر ٹرینوں ، بسوں ودیگر عام مقامات پر جارحانہ وقاتلانہ حملے کررہے اور حکومت اور مقامی انتظامیہ تماشائی بنی ہوئی ہے اور کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست عناصر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا اور ملک میں فسادات بھڑکانا چاہتے ہیں اور مدارس اسلامیہ کے طلبہ کو جہاں تہاں نشانہ بنارہے ہیں، جس کے باعث صورتحال نہایت دھماکہ خیز ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف فرقہ پرست عناصر تشدد کی وارداتوں کو انجام دے رہے ہیں اور مسلمانوں و طالب علموں کا سفر کرنا مشکل بنارہے ہیں۔ شرپسندوں کی اس من مانی اور مسلمانوں کی دل آزاری کے سلسلے میں آج کشن گنج کے ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے اقلیتی امور کے وزیر کے رحمن خان کے ہمراہ مرکزی وزیر ریل ملک ارجن کھرگے سے ملاقات کی اور انہیں مسلمانوں کی بے چینی سے آگاہ کرتے ہوئے فوری طورپرتحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی طرف متوجہ کیا۔ مولانا قاسمی نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعہ کے بعد تمام مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے اور ایک بار پھر وہ عدم تحفظ کے احساس سے دوچار ہوگئے ہیں۔ چونکہ دارالعلوم دیوبند ملک کے مسلمانوں کا معتمد دینی و تعلیمی ادارہ ہے، اس لئے ان کے جذبات اس ادارے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہندوستان کے مسلمان قطعی طورپر اس بات کوبرداشت نہیں کرسکتے کہ اس ادارے کے متعلقین پر کوئی آنچ آئے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست عناصر بھی اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں، اسی لئے انہوں نے مسلمانوں کے جذبات کابھڑکانے کیلئے یہ مذموم قدم اٹھایا ہے ۔ انہوں نے مذکورہ لیڈران سے کہاکہ طلباء کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے، اس کیگ ہری اور غیر جانبدارجانچ کی جائے اور جولوگ قصوروار پائے جائیں، انہیں سخت سزا دی جائے۔ مولاناموصوف نے پرزور انداز میں یہ بھی مطالبہ کیاکہ سرکار تمام مدارس اسلامیہ کے طلباء کے تحفظ کو یقینی بنائے اور ایسے واقعات طلباء کے ساتھ پھر نہ ہوں، ریلوے اس تعلق سے موثر قدم اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ یہ ذہن نشین رہنا چاہئے کہ اس سلسلے میں اگر حکومت کی طرف سے ذرا بھی لاپرواہی کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

Urged action against miscreants in Uttar Pradesh - Asarul Haq qasmi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں