مودی کے خلاف ونجارا کے الزامات پر مباحث کی اجازت کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-06

مودی کے خلاف ونجارا کے الزامات پر مباحث کی اجازت کا مطالبہ

محروس آئی پی ایس عہدیدار ڈی جی ونجارا کے نریندر مودی اور ان کے مددگار امیت شاہ کے خلاف الزامات پر آج راجیہ سبھا میں بائیں بازو جماعتوں، سماج وادی پارٹی اور جنتادل یو کے ارکان نے زبردست ہنگامہ کیا۔ بائیں بازو جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اس مسئلہ کو اٹھانے کی کوشش کی جس کی اجازت نہ ملنے پر انہوں نے واک آؤٹ کردیا۔ آج صبح ایوان کی کاروائی کے آغاز کے ساتھ ہی بائیں بازو جماعتوں، سماج وادی پارٹی اور جنتادل یو کے ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مباحث کے لئے ان کے مطالبہ کی فوری تکمیل کی جائے۔ ڈپٹی چیرمین پی جے کرین نے جو کرسی صدارت پر فائز تھے، ان کے مطالبہ کو مسترد کردیا جس کے بعد مزید احتجاج کیاگیا۔ جس پر کرین نے ایوان کی کاروائی 15منٹ کے لئے ملتوی کردیا۔ قبل ازیں کرین نے ان سے کہاکہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں تاکہ سابق صدر اور راجیہ سبھا کے پہلے صدرنشین ایس رادھا کرششن کو خراج عقیدت پیش کیاجاسکے۔ اس کاروائی کے بعد احتجاجی ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ پر مباحث کے لئے ان کی نوٹس پر غور کیاجائے۔ کرین نے کہاکہ اگر آپ میں سے کوئی ایک بات کرے تو میں اجازت دوں گا لیکن ارکان ونجارا ، ونجارا کے نعرے لگاتے رہے۔ بی جے پی ارکان بھی ان کاجواب دینے اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے لیکن شوروغل میں ان کی آواز نہیں سنی جاسکی۔ نظم و ضبط بحال کرنے اپنی کوششوں کی ناکامی پر کرین نے ایوان کی کاروائی 15منٹ کیلئے ملتوی کردی۔ کاروائی کے دوبارہ آغاز پر سی پی آئی ایم رکن سیتا رام یچوری نے کہاکہ دہشت گردی کا مسئلہ ریاستی موضوع نہیں ہے کیونکہ یہ سارے ملک سے تعلق رکھتاہے ۔ بعدازاں کرین نے رولنگ دی کہ یہ مسئلہ راجیہ سبھا میں نہیں اٹھایاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایسا معاملہ نہیں ہے جو یہاں اٹھایا جائے کیونکہ یہ ایک زیر دریافت قیدی کا بیان ہے ۔ صدرنشین کسی زیردریافت قیدی کے بیان کا نوٹ نہیں لے سکتے۔ تاہم بائیں بازو جماعتوں کے ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھاجس پر انہیں تیقن دیا گیا کہ ان کی بات سنی جائے گی۔ بی جے پی ارکان نے جوابی نعرہ بازی کی۔ کرین نے کہاکہ انہوں نے صرف اتنا کہا ہے کہ وہ اس مسئلہ پر رولنگ دیں گے۔"میں نے یہ نہیں کہا کہ ونجارا کا مسئلہ اٹھانے کی اجازت دی جائے گی۔ کافی غور وخوض کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ مسئلہ اٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔" یچوری نے جو اس رولنگ سے غیر مطمئن تھے، ایوان سے واک آؤٹ کرنے میں بائیں بازو جماعتوں کی قیادت کی۔ واک آؤٹ کے بعد ایوان میں وقفہ صفر کی کاروائی شروع ہوئی۔

Uproar in Rajya Sabha over Vanzara's charges against Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں