طالبان گروپ نے ہندوستانی ادیبہ سشمتا بنرجی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-15

طالبان گروپ نے ہندوستانی ادیبہ سشمتا بنرجی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی

طالبان کے ایک مفرور گروہ نے جو اسلامک موومنٹ آف افغانستان (آئی ایم ایف) کے خودکش گروپ کی حیثیت سے جانا جاتا ہے ، ہندوستانی ادیبہ سشمیتا بنرجی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ مقتول ادیبہ "ہندوستانی جاسوس" تھیں۔ گروپ کے ترجمان قاری حمزہ نے روزنامہ "دی ڈیلی بیسٹ" (نیوز ویک میگزین کا آن لائن مرکز) کو بتایا کہ "ہم نے سشمیتا بنرجی کو ہلاک کیا ہے کیونکہ وہ ایک ہندوستانی جاسوس تھی"۔ قاری حمزہ نے اعتراف کیا کہ "گروپ سے تعلق رکھنے والوں نے سشمیتا کے مکان سے ان کا اغوا کیا ، تین گھنٹوں تک سخت پوچھ تاچھ کی اور پھر انہیں ہلاک کر ڈالا۔"
یہاں یہ تذکرہ بےجا نہ ہوگا کہ آنجہانی سشمیتا کی شادی ایک افغان تاجر جانباز خان سے ہوئی تھی اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کی خاطر حال ہی میں افغانستان منتقل ہوئی تھیں۔ نیوز پورٹل کے بموجب حمزہ نے دعویٰ کیا ہے کہ "پوچھ تاچھ کے دوران سشمیتا نے دیگر ایجنٹوں کے ناموں کا بھی انکشاف کیا ، ہم ان کا بھی پیچھا کریں گے"۔
اسی دوران کولکاتا میں سشمیتا کے رشتہ داروں اور احباب نے الزام لگایا ہے کہ اس خاتون مصنفہ کے شوہر نے سازش رچائی ہے۔ خاتون کی موت کی مناسب تحقیقات کروائی جائیں۔ سشمیتا بنرجی کی کتاب "کابلی والار بنگالی باؤ" (کابلی والے کی بنگالی بیوی) ہندوستان میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوئی تھی اور 2003 میں اس کتاب پر مبنی ایک فلم "طالبان سے فرار" بالی ووڈ میں تیار کی گئی تھی۔

Taliban group claims responsibility for kidnapping, killing Indian author Sushmita Banerjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں