خاطی قانون ساز ارکان سے متعلق آرڈیننس بکواس ہے - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-28

خاطی قانون ساز ارکان سے متعلق آرڈیننس بکواس ہے - راہل گاندھی

Rahul-Gandhi-throws-ordinance-bombshell
نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج ایک زبردست سیاسی دھماکہ کیا جس کے بارے میں حکومت کو شبہ بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ وہ آرڈیننس جو خاطی قانون سازوں کو نااہلیت سے بچانے کیلئے صدر جمہوریہ کے پاس بھیجا گیاہے"غلط" ہے اور اس آرڈیننس کو "پھاڑ کرپھینک دیاجاناچاہئے" اور اب وقت آچکا ہے کہ "اس حماقت" کو روکاجائے۔ بتایاجاتاہے کہ ریمارکس بالخصوص ایک ایسے وقت جبکہ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، امریکہ میں ہیں اور آج انہوں نے میزبان صدر بارک اوباما سے ملاقات کی ہے، منموہن سنگھ حکومت کے لئے بڑی پریشانی کا باعث ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی نے آج یہاں پریس کلب آف انڈیا میں غیر متوقع طورپر پہنچتے ہوئے آرڈیننس پر زبردست تنقید کی۔ اس موقع پر کانگریس کے ترجمان اجئے ماکن، بمشکل تمام اس (آرڈیننس) کی مدافعت کرپارہے تھے۔ راہول گاندھی نے حیرت زدہ صحافیوں کو بتایاکہ"حکومت نے جو کچھ کیاہے وہ غلط ہے " ۔ متنازعہ آرڈیننس پر اپنی پارٹی کے موقف سے بظاہر لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب وقت آچکا ہے کہ اس حماقت کو روکا جائے۔ میری دانست میں یہ آرڈیننس، مکمل نامعقولیت ہے اور اس کو پھاڑ کر پھینک دیاجاناچاہئے۔ پریس کانفرنس کے دوران راہول گاندھی کی اچانک آمد پر وہاں موجود صحافی تصویر حیرت بن گئے۔ نائب صدر کانگریس نے کہاکہ آرڈیننس"سیاسی لحاظات کی پیداوار ہے اور اب وقت آچکا ہے کہ سیاسی جماعتیں بشمول میری پارٹی، اس قسم کے سمجھوتے کرنا بند کردیں۔" انہوں نے زور دے کر کہاکہ "وہ کانگریس ہو یا بی جے پی ہم ، چھوٹے چھوٹے سمجھوتے کرنا جاری نہیں رکھ سکتے۔ کانگریس پارٹی جو کچھ کررہی ہے مجھے اس میں دلچسپی نہیں ہے۔ میراشخصی خیال ہے کہ جو کچھ ہماری حکومت نے آرڈیننس میں کیاہے، وہ غلط ہے ۔" راہول گاندھی نے جو کانگریس میں عملاً نمبر دو قائد ہیں، مزید کوئی سوال قبول کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ وہ آرڈیننس پر محض اپنی شخصی رائے دینے آئے ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں جو وزیرعظم منموہن سنگھ کی زیرصدارت گذشتہ منگل کو منعقد ہواتھا، آرڈیننس، منظور کیاتھا۔ کابینہ نے5روزہ دورہ امریکہ پر وزیراعظم کی روانگی سے ایک دن پہلے یہ فیصلہ کیاتھا۔ پریس کلب آف انڈیا میں بیشتر صحافی، راہول گاندھی کو دیکھ کر حیران ہوگئے وہ شاذو نادر ہی میڈیا سے بات چیت کرتے ہیں۔

Rahul Gandhi bombshell: Says ordinance to protect convicted legislators "nonsense"

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں