پاکستان نے طالبان لیڈر ملا برادر کو رہا کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-22

پاکستان نے طالبان لیڈر ملا برادر کو رہا کر دیا

پاکستان نے طالبان کے نمبردولیڈر ملاعبدالغنی برادر کو رہا کردیا ہے ۔ یہ اقدام طالبان کے ساتھ افغانستان میں جاری مذاکرات میں پیش رفت کی خاطر اٹھایا گیاہے۔ ملا عبدالغنی برادر طالبان کے سابق نائب سربراہ ہیں اور وہ1994ء میں طالبان کی بنیاد ڈالنے والے4افراد میں سے ایک ہیں اس کے علاوہ دو پاکستان کی قید میں موجود طالبان رہنماؤں میں سب سے زیادہ سینئر قائد بھی تھے۔ اطلاعات کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہے کہ ملا برادر کس ملک کا رخ اختیار کریں گے۔ کچھ اطلاعات کے مطابق وہ سعودی عرب، ترکی یا متحدہ عرب امارات میں کسی ملک کا رخ کریں۔ افغان حکومت چاہتی تھی کہ انہیں افغانستان میں رہا کیاجائے تاکہ وہ جلد از جلد مذاکرات کی بحالی میں اپنا کردار اداکرسکیں۔مگر پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے خبر رساں ایجنسی رائٹر سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم رہا کردہ طالبان رہنماؤں کو اپنی قیادت سے رابطے کا موقع فراہم کریں تاکہ وہ انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے اپنا کردار ادا رسکیں۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو بتایاتھاکہ ملا برادر کی رہائی سے افغانستان میں نیٹوا فواج کی واپسی کے بعد وہاں پرامن کے قیام کیلئے طالبان کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت میں مدد ملے گی۔ ملا عبدالغنی کو جنوری 2010ء میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے سی آئی اے اور پاکستانی خفیہ ایجنسیوں نے مشترکہ آپریشن کے بعد حراست میں لیاتھا۔

Pakistan releases top Taliban leader Mullah Baradar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں