کرپشن کیس میں 16 ماہ قید کے بعد وائی ایس آر کانگریس صدر جگن جیل سے رہا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-25

کرپشن کیس میں 16 ماہ قید کے بعد وائی ایس آر کانگریس صدر جگن جیل سے رہا

Jagan Mohan Reddy walks out of jail
کرپشن کیس میں تقریباً16ماہ جیل میں گذارنے کے بعد وائی ایس آر کانگریس صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی منگل کو چنچلگوڑہ سنٹرل جیل سے رہا ہوگئے۔ ان کے حامیوں نے ان کا بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا۔ کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ 4بجے جیل سے باہر نکلے جہاں ان کے ارکان خاندان بشمول والدہ وائی ایس وجئے اماں، اہلیہ بھارتی ریڈی اور بہن شرمیلا کے علاوہ ہزاروں حامی صبح سے ہی ان کا بے صبری سے انتظارکررہے تھے۔ باہر نکلتے ہی جگن نے ہاتھ جوڑ کر اپنے سینکڑوں حامیوں کو نمستے کیا، جو ان کے خیر مقدم کیلئے جیل کی مین گیٹ کے باہر اکٹھا تھے۔ حامیوں نے ان پر پھول برسائے۔ جگن اپنے حامیوں سے ان کے قافلہ کیلئے راستہ بنانے کی گذارش کی۔ قافلہ بعدازاں جوبلی ہلز میں لوٹس پانڈ کے قریب واقع ان کی رہائش گاہ کیلئے روانہ ہوگیا۔ جگن ایک بلٹ پروف گاڑی میں سوار تھے، جس کے آگے کافی سیکوریٹی عملہ تھا، جو ان کی زیڈ زمرہ کی سیکوریٹی کا حصہ ہے۔ وائی ایس آر کانگریس قائدین اور کارکن کاروں اور دو پہیہ گاڑیوں میں قافلہ کے پیچھے موجود تھے اور جئے جگن کے نعرے لگارہے تھے۔ ایک گھنٹہ گذر جانے کے بعد بھی قافلہ جگن کی رہائش گاہ نہیں پہنچ سکا تھا۔ یہ قافلہ مصروف ملک پیٹ، نلگنڈہ چوراہا، چادر گھاٹ، کوٹھی اور معظم جاہی مارکٹ سے ہوکر گذرا۔ بعض مقامات پر نوجوان قائد نے اپنی گاڑی سے اترکر اپنے حامیوں کو ہاتھ جوڑ کر نمستے کیا۔ ان کے حامیوں نے انہیں پھول پہنائے ہیں۔ جگن کی رہائش گاہ پر سرگرمیاں صبح سے ہی شروع ہوگئی تھیں۔ جگن کے وکلاء نے عدالت میں ضمانت کی رسمی کاروائی مکمل کی۔ بعدازاں وہ رہائی کے احکام لے کر جیل پہنچے۔ جیل حکام نے رسمی کاروائی کے بعد وائی ایس آر کانگریس سربراہ کو رہا کردیا۔ چنچل گوڑہ سنٹرل جیل پر پولیس نے سخت انتظامات کئے تھے، جہاں صبح سے ہی جگن کے حامیوں کی بڑی تعداد اکٹھا ہوگئی تھی۔ جیل کے اطراف پیراملٹری فورس کو بھی تعینات کیاگیاتھا۔ لوٹس پانڈ یعنی جگن کی رہائش گاہ اور پارٹی دفتر پر کافی ہلچل تھی۔ جگن کی رہائی کے بعد وہاں جشن کا ماحول تھا۔ ریاست کے مختلف مقامات سے جگن کے حامی اپنے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے وہاں اکٹھا تھے۔ وہ پارٹی کے پرچم تھامے ہوئے تھے اور جئے جگن کے نعرے لگارہے تھے۔ آتش بازی اور مٹھائیوں کی تقسیم بھی جاری تھی۔ بعض حامی رقص کرتے دیکھے گئے ۔ وجئے اماں نے کہاکہ اوپر والے نے ان کی دعا سن لی۔ جگن کی اہلیہ بھارتی ریڈی نے کہاکہ انہیں راحت ملی ہے اب وہ خاندان کے مختلف امور اور اپنی بچیوں پر توجہ دیں گی۔ بھارتی جگن کی کمپنیوں کے امور کی دیکھ بھال کررہی تھیں۔ شرمیلا نے کہاکہ 2014کے انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ پارٹی کو سیما آندھرا علاقوں کی 33 کے منجملہ 25نشستیں حاصل ہونگی۔ جگن کو ضمانت کی منظوری کو ایک اہم تبدیلی قرار دیتے ہوئے پارٹی قائد ایم وی میسورا ریڈی نے کہاکہ ریاست غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ ان حالات میں جگن جیسے قائد کی موجودگی وقت کا تقاضہ ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جگن کی رہائی سے سیما آندھرا علاقوں میں تلگودیشم پارٹی کے امکانات زبردست متاثر ہونگے جہاں ستمبر کے پہلے ہفتہ میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق جگن کی پارٹی کو140اسمبلی حلقوں میں کامیابی حاصل ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔

Jagan Mohan Reddy walks out of jail after 16 months

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں