قانون لغت اب اردو میں دستیاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-16

قانون لغت اب اردو میں دستیاب

indian criminal laws in urdu
ملک کی عدلیہ میں استعمال ہونے والی قانونی زبان کا اردو ترجمہ "قانون لغت" اب منظر عام پر آ چکی ہے۔
یہ اپنی نوعیت کی پہلی لغت ہے جس میں عدالتوں میں استعمال ہونے والی قانونی اصطلاحات کا اردو ترجمہ اور اس کی تشریح پیش کی گئی ہے جس کی رو سے اردو داں طبقے کو اپنے حقوق اور ان کے استعمال کے طریقوں کو اپنی زبان میں سمجھنے میں آسانی ہوگی۔
ممبئی میں دہشت گردی کے معاملات میں گرفتار مسلم نوجوانوں کے مقدمات کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے نامور وکیل محمد ارشاد حنیف نے اپنی سات برسوں سے زائد محنت کی بدولت یہ لغت تیار کی ہے جس میں 52,000 قانونی اصطلاحات کے ساتھ ساتھ سیکڑوں لاطینی محاوروں کا بھی اردو ترجمہ پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایڈوکیٹ حنیف ملک کے پہلے مسلم وکیل ہیں جنہوں نے قانون کی مشکل کتابوں کا اردو اور ہندی میں ترجمہ بھی کیا تھا جس میں انڈین پینل کوڈ، انڈین ایوڈنس ایکٹ جیسی بنیادی اور اہم کتابوں کے تراجم شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ "تعزیرات ہند" اور "قانون شہادت" کے نام سے ماضی میں ایڈوکیٹ حنیف کی جانب سے تحریر کردہ قانون کی کتابوں کے تراجم فی الوقت مہاراشٹرا کے زیر سماعت قیدیوں میں مقبول ہیں اور بالخصوص دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ، 7/11 ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکہ معاملہ اور دیگر معاملات میں گرفتار مسلم نوجوان ان کتب کا جیلوں میں مطالعہ کر رہے ہیں۔
ایڈوکیٹ شاہد نے کہا کہ اردو میں شائع شدہ قانون کی کتابوں کا مطالعہ کرنے کے بعد کئی ملزمین کو اپنے مقدمہ کے تعلق سے وکلاء کو قانونی نکات سمجھاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے نیز مشہور مثل ہے کہ کسی شخص کا مقدمہ وکیل نہیں لڑتا ہے بلکہ موکل خود اپنے مقدمہ کی تیاری کر کے وکلاء کو قانونی داؤ پیچ سکھلاتا ہے۔ اسی کے مترادف آج یہ ملزمین بھی اپنے وکلاء کو بیشتر قیمتی مشورے بھی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے کے ایک ملزم ڈاکٹر شریف نے گذشتہ دنوں ممبئی ہائی کورٹ میں اپنی درخواست ضمانت پر خود ہی اپنی پیروی کی تھی اور جب ڈاکٹر شریف عدالت میں اپنی درخواست ضمانت پر بحث کر رہے تھے تو عدالت میں دیگر وکلاء حیران تھے کہ قانون سے نابلد ایک ملزم بالکل اس طرح سے بحث کر رہا ہے کہ جیسے کوئی منجھا ہوا وکیل اپنے موکل کی جانب سے دائر کی گئی عرض داشت پربحث کر رہا ہو۔

اردو قانون لغت سمیت قانون کی اہم کتابوں کے تراجم اردو میں دستیاب ہونے پر چند جونیئر مسلم وکلاء نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ انگریزی زبان میں قانون کی چند اصطلاحات ایسی ہیں کہ جو ان کی سمجھ سے بالاتر ہیں لیکن اب اردو میں قانونی لغت کی دستیابی سے قانون کو آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔

Key Indian criminal laws now available in Urdu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں