اترپردیش وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو کا فساد زدہ ضلع مظفر نگر کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-16

اترپردیش وزیر اعلیٰ اکھیلیش یادو کا فساد زدہ ضلع مظفر نگر کا دورہ

Akhilesh-Yadav-visits-riot-hit-Muzaffarnagar
اترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے مظفر نگر میں ف رقہ وارانہ تشدد کے سبب اپوزیشن جماعتوں اور اقلیتی برادری کے قائدین کی جانب سے ہدف تنقید بنائے جانے کے بعد آج فساد زدہ ضلع کا دورہ کیا جہاں سیاہ پرچموں اور مخالف حکومت نعروں سے ان کا خیر مقدم ہوا۔ اکھلیش نے سب سے پہلے کوال موضع کا دورہ کیا جہاں27اگست کو تین افراد خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ موضع کے باشندوں نے اکھلیش کی آمد پر نہ صرف سیاہ پرچم لہرائے بلکہ ان کے خلاف نعرے بھی لگائے جو تشدد پر کنٹرول کرنے میں ان کے انتظامیہ کی ناکامی سے متعلق ہے۔ مقامی باشندوں نے چیف منسٹر پر میمورنڈم قبول نہ کرنے اور صرف غیر مقامی افراد کی دلجوئی کا الزام عائد کیا۔ اکھلیش نے دورہ کے بعدصحافیوں کو بتایاکہ یہ واقعہ صرف ان کیلئے ہی اندوہناک نہیں ہے جن کے نوجوان بیٹوں کو ہلاک کیاگیا بلکہ اس سے ہم بھی غمزہ ہیں۔ ہم نے علاقہ کے تمام افراد سے امن وامان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے اور انہیں یہ تیقن بھی دیا ہے کہ میری حکومت شرپسندوں کے ساتھ سختی سے پیش آئے گی۔ فساد بھڑکانے والوں کے خلاف حکومت قومی سلامتی قانون کے تحت سخت کاروائی کرے گی۔ بعدازاں چیف منسٹر متاثرین سے ملاقات کرنے کیلئے ملک پورہ اور کندھلا بھی گئے۔ اترپردیش کے چیف منسٹر کے دورہ کے ایک دن بعد وزیراعظم منموہن سنگھ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی بھی ان علاقوں کا دورہ کریں گے اور موقع پر ہی نقصانات کا تخمینہ لگایاجائے گا۔ توقع ہے کہ وزیراعظم اکھلیش یادو کے ساتھ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ کل سے ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس بھی شروع ہونے والا ہے جس میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو گھیرنے کا فیصلہ کررکھاہے۔

Muzaffarnagar: Chief Minister Akhilesh Yadav visits riot-hit areas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں